سرینگر//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرا منیم کی سربراہی والی سٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ( ایس ڈی ایم اے ) کی سٹیٹ ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ناگہانی آفات سے نمٹنے کیلئے مستقل آلات حاصل کرنے کی خاطر 42.97 کروڑ روپے کی رقم کو منظوری دی گئی ۔ ایک ہفتے میں مذکورہ ایگزیکٹو کمیٹی کی دوسری میٹنگ تھی ۔ جبکہ صوبائی کمشنر جموں نے میٹنگ میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔ منظور کی گئی 42.97 کروڑ روپے کی رقم میں سے صوبائی کمشنر کشمیر کے پاس ساڑھے سات کروڑ روپے اور صوبائی کمشنر جموں کے پاس ساڑھے سات کروڑ روپے رکھے جائیں گے اس کے علاوہ 15 کروڑ روپے کی رقم فائیر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ڈائریکٹر جنرل اور 12.97 کروڑ روپے اے ڈی جی پی ہوم گارڈز /سی ڈی /ایس ڈی آر ایف کے پاس رکھے جائیں گے تا کہ ناگہانی آفات سے نمٹنے کیلئے ضروری ساز و سامان خریدا جا سکے ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ جولائی کی 16 تاریخ کو سٹیٹ ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ کے دوران تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے حق میں اس مقصد کیلئے پانچ پانچ کروڑ روپے کی رقم دستیاب رکھنے کو منظوری دی گئی تھی ۔