سرینگر //شہر خاص کے اچھن سعدپورہ اور رتھ پورہ کے لوگوں نے ایس ایم سی پر الزم عائد کیا ہے کہ علاقے میں سٹریٹ لائٹ نصب کرنے اور ٹھوس فضلہ کو ٹھکانے لگانے کیلئے میونسل کارپوریشن کوئی بھی اقدامات نہیں کررہا ہے ۔ان علاقوں سے آئے ایک وفد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان علاقوں میں محکمہ کی جانب سے کوڑے داں بھی نصب نہیں کئے گئے ہیں جس کی وجہ سے گھروں سے نکلنے والا ٹھوس فضلہ سرراہ ڈال دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کوڑا کرکٹ نہ صرف مقامی آبادی کیلئے سوہاںروح بنا ہوا ہے بلکہ اس پر اب آوارہ کتوں نے بھی اپنا ڈھیرا جما لیا ہے ۔محلہ کمیٹی سعد پورہ اچھن کے وفد نے بتایا کہ صبح اور شام علاقے میں اس قدر کتوں کے جھنڈ موجود ہوتے ہیں کہ انہیں دیکھ کر خوف محسوس ہوتا ہے جبکہ کتوں کی موجودگی کی وجہ سے علاقے میںصبح کے وقت ٹیوشن کیلئے جانے والے طلباء کو بھی انتہائی مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔رتھ پورہ واڑ نمبر 50کے نو منتخب کونسلر محمد اشرف پالپوری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کتے نہ صرف رات کو یہاں اپنا ڈھیرا جمائے بیٹھے ہوتے ہیں بلکہ دن میں بھی کتوں کی بڑی تعداد وہاں موجود کوڑا کرکٹ کے ڈھیر پر جمع ہوتی ہے جس سے سکولی بچوں کے ساتھ ساتھ راہگیروں کو بھی آمد ورفت کے دوران مشکلات پیش آتی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ان علاقوں میں سٹریٹ لائٹس بھی موجود نہیں ہے جس کے نتیجے میں لوگ انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے ایس ایم سی سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میںکوڑے دانوں کے ساتھ ساتھ سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں۔