عظمیٰ نیوز سروس
اونتی پورہ// اسلامک یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشوکی ہدایت پر CIED-IUST فاؤنڈیشن اور مینجمنٹ اسٹڈیز شعبہ نے مشترکہ طور پر اسٹارٹ اپ پالیسی 2024-27 پر ایک روزہ بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ پروگرام کا مقصد نئی پالیسی کے امکانات اور ان فوائد کے بارے میں آگاہی پھیلانا تھا جن سے کاروباری افراد فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو نے کہا کہ جموں و کشمیر کی اسٹارٹ اپ پالیسی ایک نئی شروعات کا آغاز کرے گی اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو بدل دے گی۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ حکومت کی طرف سے پیش کردہ تعاون سے فائدہ اٹھائیں اور کامیاب کاروباری یونٹس کے قیام کیلئے کام کریں۔ انہوں نے منتظمین کو مختلف توسیعی اقدامات کے ذریعے نوجوانوں تک پہنچنے اور ان مواقع کو اجاگر کرنے کی بھی ہدایت کی جن سے وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور انکیوبیشن، اختراع، تکنیکی مدداور رہنمائی وغیرہ کے حوالے سے اسلامک یونیورسٹی کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پروگرام میں صنعتی ماہرین، مختلف شعبہ جات کے طلباء اور فیکلٹی نے شرکت کی۔