جموں و کشمیر ملک میں مرکز کے طور پر اُبھر رہا ہے:کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت
سرینگر//کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ نے کل کہا کہ جموں و کشمیر میں کاروباری ماحول تیزی سے بدل رہا ہے اور یہ ملک بھر میں سرمایہ کاری کے لئے اعلیٰ مقام کے طور پر اُبھر رہا ہے۔ گورنمنٹ آرٹس ایمپوریم میں جموںوکشمیر الیکٹرانِکس اینڈ آئی ٹی کنکلیو سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر میں الیکٹرونکس اینڈ آئی ٹی سیکٹر تیزی سے ترقی کررہا ہے اور اِس میں اَفرادی قوت کے ساتھ ساتھ مراعات کے لحاظ سے بھی بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر ملک میں سٹارٹ اَپ کے مرکز کے طور پر اُبھر رہا ہے کیوں کہ یہاں گزشتہ برس کے مقابلے میں سٹارٹ اَپ کے قیام میں تین گنا اِضافہ ہوا ہے۔
کمشنر سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں اِقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں آئی ٹی اینڈ الیکٹرانِکس کے کلیدی کردار پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے ترقی پسند پالیسیوں اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے ذریعے کاروباری اِداروں بالخصوص الیکٹرانکس اینڈ آئی ٹی کے شعبوں میں سازگار ماحول پیدا کرنے کے لئے حکومت کے عزم کو اُجاگر کیا۔اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کنکلیو آئی ٹی اینڈ الیکٹرانِکس شعبے میں مستقبل کے تعاون کے پیش خیمہ کے طور پر کام کرتا ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم حکومت ، نجی شعبے اور تعلیمی اِداروں کے مابین مشترکہ کوششوں سے آئی ٹی کو بااِختیار جموں و کشمیر کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کا ایک بڑا موقعہ ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی پی او نے اَپنے اِستقبالیہ خطاب میں کہا کہ جموں و کشمیر مواقع کی سرزمین ہے اور اُنہوں نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے صنعتی منظر نامے کو تلاش کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ طریقۂ کار کے فریم ورک میں بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے کیوں کہ خطے میں بہت سی پالیسیوں کو سنگل وِنڈو کلیئرنس میکانزم کے ذریعے کاروبار کرنے میں آسانی کے ساتھ پُرکشش مراعات بھی قائم کی ہیں۔اِس موقعہ پرگلوبل چیئرمین اِی ایس سی سندیپ نرولا، چیئرمین اِی ایس سی ویر ساگر،صدرکے سی سی آئی جاوید احمد ٹینگا اور ڈائریکٹرصنعت و حرفت کشمیر خالد مجید نے بھی اَپنے اَپنے خیالات کا اِظہار کیا جبکہ ڈائریکٹر جے کے اِی ڈی آئی راجندر کمار نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔کنکلیو کا اِنعقاد جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (جے کے ٹی پی او) نے الیکٹرانکس اینڈ کمپیوٹر سافٹ ویئر ایکسپورٹ پروموشن کونسل (اِی ایس سی) کے اِشتراک سے کیا ہے جس کا موضوع ’’ اِنوویٹ، اِنٹگریٹ :پیونیئرنگ آئی ٹی اینڈ الیکٹرانِکس اِن جے اینڈ کے ‘‘ تھا۔