عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//سکم میں مسلسل ہونے والی بارش نے ریاست کو شدید بحران میں ڈال دیا ہے۔ مغربی سکم کے یانگ تھانگ علاقے میں جمعرات کی رات بھاری بارش کے بعد لینڈسلائیڈ ہوئی، جس نے مقامی آبادی کو ہلا کر رکھ دیا۔ اس حادثے میں کم از کم چار افراد کی موت ہو گئی جبکہ تین افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔سکم پولیس کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس افسر اور اہلکار ندی کے تیز بہاو? میں رسی کا سہارا لیتے ہوئے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ پانی کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ سادہ گزرگاہ بھی ناقابلِ عبور ہو گئی، لیکن اہلکاروں نے مقامی لوگوں اور سرحدی حفاظتی فورس (ایس ایس بی) کے جوانوں کے ساتھ مل کر متاثرہ علاقے تک رسائی حاصل کی۔ریسکیو ٹیم نے ندی کے اوپر گرے ہوئے درختوں اور لکڑیوں کا استعمال کر کے ایک عارضی پل بنایا، جس کے ذریعے دو زخمی خواتین کو محفوظ مقام تک منتقل کیا گیا۔ تاہم، ضلع گیزنگ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شیرنگ شیرپا کے مطابق، فوری طبی امداد کے باوجود ان میں سے ایک خاتون نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ دوسری زخمی خاتون کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے جبکہ تین دیگر افراد کے بارے میں تاحال کچھ خبر نہیں مل سکی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لگاتار بارشوں کے باعث پورے خطے میں کئی مقامات پر لینڈسلائیڈ کے واقعات پیش آئے، جس کی وجہ سے آمد و رفت اور بنیادی سہولیات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر راحت اور بچاؤ کے کام شروع کر دیے ہیں لیکن بارش کے باعث زمین کھسکنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جس سے ریسکیو مشن میں دشواریاں بڑھ گئی ہیں۔