اشرف چراغ
کپوارہ//سرینگر اوڑی شاہراہ اور بارہ مولہ ہندوارہ شاہراہ کوچارگلیاروں والی شاہراہوں میں تبدیل کرنے کے سرکاری اعلان کے بعد شمالی کشمیر میں سوپور کپوارہ سڑک کو بھی چارگلیاروں والی سڑک میں تبدیل کرنے کا مطالبہ زورپکڑنے لگاہے، کیونکہ یہ شاہراہ سری نگر اور کپوارہ کی شہ رگ مانی جاتی ہے جبکہ یہ شاہراہ کپوارہ کے لوگو ں کے لئے آ سان سفرکاذریعہ ہے ۔نوے فی صد لوگ کپوارہ سوپور شاہراہ کا استعمال کرتے ہیں ۔ضلع کے دور دراز علاقوں جن میں مژھل ،کرناہ،کیرن ،جمہ گنڈ ،کیرن ،کرالہ پورہ ،ترہگام اور لولاب شامل ہیں، کے لوگ اسی راستہ سے سرینگر یا جمو ں جاتے ہیں کیونکہ ان کے مطابق اس شاہراہ پران کے لئے آ سان سفر ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس لئے اس شاہراہ کو کشادہ کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔جہاں کپوارہ ضلع کے لوگ کپوارہ سوپور شاہراہ پر اپنے سفر کو ترجیح دیتے ہیں وہیں دیگر اضلاع کے لوگ بھی ا سی شاہراہ کا استعمال کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں ۔کپوارہ ٹرانسپورٹ فیڈریشن کے صدر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہندوارہ سے کپوارہ تک سڑک کو چارگلیاروں والی سڑک میں توسیع ایک اہم اور اچھا قدم ہے لیکن کپوارہ سوپور شاہراہ کو بھی 4لائن کے طور تیار کیا جانا چایئے ،تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگو ں کو فائدہ پہنچے ۔انہو ں نے کہا کہ کپوارہ سے سرینگر جانے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ بلکہ نجی گاڑیا ں بھی کپوارہ سوپور شاہراہ کا انتخاب کرتی ہیں کیونکہ یہ کپوارہ اور سوپور ،سرینگر ،بانڈی پورہ کو ملانے والا چھوٹی اور اہم شاہراہ ہے ۔انہو ں نے کہا کہ مرکزی سرکار نے جہا ں سرینگر ،اوڑی ،بارہ مولہ ہندوارہ کپوارہ شاہراہ کو 4لائن بنانے کا اعلان کیا ہے، وہیں کپوارہ سوپور سڑک کو بھی 4لائنوں میں تبدیل کرنے کا اعلان کریں ۔اس دوران ضلع کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ کپوارہ سوپور شاہراہ کو 4لائن بنانا اس لئے بھی اہمیت کا حامل ہے اس سے ضلع کے مریضوں کو سرینگر پہنچانا آ سان ہوتا ہے اور یہ بات اہم ہے کہ انسانی جانیں بچائی جا سکتی ہیں ۔یہی نہیں بلکہ یہ پھلو ں کی آسان نقل و حمل کے حوالے سے ضلع بھر میں با غبانی صنعت کو بھی فروغ دے گا ۔ضلع ترقیاتی کونسل کے چیرمین عرفان پنڈت پوری اور سول سو سائٹی کے کنونئر شوکت مسعودی نے کپوارہ تک بارہ مولہ ہندوارہ شاہراہ کو توسیع دینے کے لئے مرکزی سرکار کا شکریہ کیا لیکن انہو ں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ کپوارہ سوپور شاہراہ کو بھی لوگو ں کے وسیع تر مفاد کے لئے 4لائن کے طور تیار کیا جائے انہو ں نے اس سلسلے میں لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا سے مداخلت کی درخواست کی ۔