سوپور//شمالی قصبہ سوپورکے سینکڑوں چھاپڑی فروشوں نے سنیچر کو حکومت اور ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔احتجاجی چھاپڑی فروش مطالبہ کررہے تھے کہ انہیں دوبارہ سڑکوں پر ریڑیاں لگانے کی اجازت دی جائے تاکہ ان کی پریشانیوں دور ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ دو ہفتے قبل انتظامیہ نے انہیں متبادل جگہ مہیا کی لیکن وہ مناسب جگہ نہیں ہے، جس کے بعد انہیں قصبے کی سڑکوں پر کام کرنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ احتجاجی چھاپڑی فروشوں نے کہا کہ انہیں ایسی متبادل جگہ فراہم کی جائے جہاں ان کا روز گار اچھے سے چل سکے یا انہیں واپس اپنی جگہوں پر کام کرنے کی اجازت دی جائے۔ ایک احتجاجی چھاپڑی فروش شمس الدین نے بتایا کہ گزشتہ20 دنوں سے وہ در در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور انہیں قصبہ کے تجارتی علاقوں میں کام پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ اللہ کے رحم و کرم پرہیں ۔ انہوں نے کہا ’’ ہم غریب طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور کمائی کا اورکوئی ذریعہ نہیں ہے‘‘۔ احتجاجی چھاپڑی فروشوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ ان کے مسائل کو پیش نظر رکھ کر انہیں دوبارہ سڑکوں پر کام کرنے کی اجازت دی جائے‘‘۔