سرینگر//سوپور کے متعدد علاقوں میں مواصلاتی کمپنیوں کی ناقص کار کردگی پر عوام میں غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ کمپنیوں سے علاقے میں فوری طور نیٹ ورک میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا ۔کے این ایس کے مطابق شمالی کشمیر کے سوپور تحصیل کے گوری پورہ،ڈار پورہ،بمئی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں ترقی کے اس جدید دور میں بھی لوگوں کومواصلاتی نظام کی انتہائی ناقص کار کرد گی کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو فون کال کرنے اور انٹرنیٹ سروس کااستعمال کرنے کے دوران سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑ رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں چند ماہ قبل جیو نامی مواصلاتی کمپنی نے ایک سگنل ٹاور نصب کیا تھا جس کی وجہ سے ایک امید پیدا ہوئی تھی تاہم نا معلوم وجوہات کی بنا پر کام مکمل کرنے کے باوجود ٹاور کو چالونہیں کیا گیاہے جس کی وجہ سے عوام مسلسل مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس ٹاور کو فوری طور چالو کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔