غلام محمد
سوپور// سوپور بارہمولہ قصبے کی ایک مقامی بستی میں پیر کو ایک پراسرار دھماکے میں چار نوجوانوں کی موت ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ شیر کالونی سوپور میں ایک پراسرار دھماکہ اس وقت ہوا جب چارافراد ایک گاڑی میں لوڈ کئے گئے سکریپ مواد کو نیچے اتار رہے تھے۔پولیس نے کہا کہ دھماکے میں تین افراد ہلاک اور ایک کو شدید زخمی حالت میں ایس ڈی ایچ سوپور لے جایا گیا، جہاں سے اسے خصوصی علاج کے لیے ایس ایم ایچ ایس سرینگر ریفر کیا گیا۔ لیکن بدقسمتی سے وہ سرینگر جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ہلاک شدگان کی شناخت نذیر احمد ندرو، عظیم اشرف میر ولد محمد اشرف میر، عادل رشیدبٹ ولد عبدالرشید بٹ اور محمد اظہر فافو ولد غلام محی الدین فافو کے طور پر ہوئی ہے، یہ سب شیر کالونی سوپور کے رہائشی تھے۔مقامی لوگوںنے بتایا کہ چاروں افراد اسکریپ کے کاروبار سے منسلک تھے اور حال ہی میں انہوں نے لداخ سے سکریپ کا سامان خریدا ہے اور اسی مواد کو چھانٹ رہے تھے جب یہ پراسرار دھماکہ ایک متاثرین کے گھر کے صحن میں ہوا۔لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ یہ چار افراد اس وقت دھماکے کی زد میں شدید زخمی ہوکر بعد میں چل بسے جب وہ سکریپ کو ایک گاڑی سے نیچے اتار رہے تھے۔ پولیس نے کہا کہ اس واقعہ میں چار نوجوانوں کی موت ہوئی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ایس ڈی ایچ سوپور بھیج دیا گیا ہے اور طبی قانونی کارروائیوں کے بعد انہیں آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ (BDS) کی ایک ٹیم کو بلایا گیا تاکہ اس جگہ سے باقیات اور دیگر اسکریپ مواد کو صاف کیا جائے جہاں دھماکہ ہوا تھا۔ایس پی سوپور نے کہا کہ واقعہ کے حوالے سے پولیس نے کیس رجسٹر کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔