سرینگر//سوپور میں حزب کمانڈر کے جاں بحق ہونے پر مسلسل تین روزہ ہڑتال کے بعد ہفتے کوزندگی معمول پر آگئی ۔26ستمبر منگلوار کو سرحدی قصبہ اوڑی میں کنٹرول لائن پر فورسز کے ساتھ تصادم آرائی کے دوران سرکردہ جنگجو کمانڈر عبدالقیوم نجارجاں بحق ہوا تھا۔اس سلسلے میں بدھ سے جمعہ تک مسلسل تین روز تک ہڑتال جاری رہی اورسنیچر کوتین روز بعد قصبے میں معمول کی سرگرمیاں بحال ہو گئیں۔اس دوران دکانیں ،کاروباری ادارے، اسکول اور دفاتر وغیرہ کھل گئے ، گاڑیوں کی آمدورفت بھی بحال ہوگئی اور بازاروں میں گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔اس دوران جاں بحق ہوئے جنگجوکمانڈر کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کیلئے آنے والے لوگوں کی آمد کا سلسلہ چوتھے روز بھی جاری رہا جس دوران مرحوم جنگجو کے حق میں اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔