غلام محمد
سوپور// سوپور قصبہ کے چنکھن علاقے میں اتوار کی شام آگ کی ایک واردات میں تین رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔آگ پراسرار طور پر ایک گھر سے لگی اور تیزی سے آس پاس کے گھروں میں پھیل گئی جس کے نتیجے میں تین رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔فائر ٹینڈرز نے پولیس اور مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا اور آگ کو مزید گھروں تک پھیلنے سے روک دیا۔ حادثے میں لاکھوں روپے مالیت کی املاک تباہ ہوگئیں۔اس دوران ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او پی ایس تارزو سوپور کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے علاقے میں تباہ شدہ ڈھانچوں کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں کو فوری راحت کے طور پر ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ایس ایچ او نے بتایا کہ آتشزدگی کی واردات میں محمد اشرف گوجری، فیاض احمد تیلی اور پرویز احمد تیلی کے گھروں کو نقصان پہنچا۔ افسر نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجہ ممکنہ طور پر بجلی کا شارٹ سرکٹ بتایا جاتا ہے۔