سوپور+کپوارہ//رام پور راج پور سوپور میں سڑک کے حادثے میں زخمی ہوا محکمہ جنگلات کا ملازم صورہ اسپتال میں ایک ہفتہ تک زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ بیٹھا۔ادھر شمریال لولاب میں دوبرس کا کمسن بچہ پانی کی ٹینکی میں ڈوب کر ہلاک ہوا۔15ستمبر کو سوپور کے بالائی علاقہ رام پور راج پور میں ایک نجی کار زیرنمبرJJK05J-2738کوحادثہ پیش آیا جس میں تین افرادزخمی ہوئے۔زخمیوں میں محکمہ جنگلات کے 45برس کے ملازم مشتاق احمدصوفی ولد غلام احمد صوفی ساکن کلنگام ہندوارہ کی حالت نازک تھی اور اُسے سوپورسب ضلع اسپتال سے صورہ ریفر کیا گیا۔میڈیکل انسٹی چیوٹ صورہ میں ایک ہفتہ تک زیرعلاج رہنے کے بعد مشتاق احمد صوفی سوموار کو اسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔ ادھر شمریال لولاب میں دوبرس کا کمسن بچہ پانی کی ٹینکی میں ڈوب کر ہلاک ہوا۔اطلاعات کے مطابق سوموار کو دوسال کا اویس احمدمجلو ولدنثاراحمد ساکن شمریال لولاب اپنے گھر کے صحن میں کھیل رہاتھااوراس دوران وہ پانی کی ٹینکی میں جاگرا۔بتایا جاتا ہے کہ اگر چہ اُسے فوری طور پانی کی ٹینکی سے نکال کر اسپتال پہنچایا گیاتاہم ڈاکٹروں نے اُسے وہاں مردہ قراردیا۔معصوم اویس کی لاش جب گھر لائی گئی تووہاں کہرام مچ گیا۔