عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//امریکہ اور ایران کے درمیان عبوری امن معاہدے کے اعلان کے بعد عالمی اور ملکی منڈیوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پیر کے روز ملٹی کموڈیٹی ایکسچینج میں اگست ڈیلیوری کیلئے سونے کے فیوچر معاہدوں کی قیمت 2,242 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 52 ہزار 770 روپے فی 10 گرام تک پہنچ گئی۔مارکیٹ ماہرین کے مطابق گزشتہ ہفتے سونے کی قیمتوں میں تقریباً 3.2 فیصد کمی واقع ہوئی تھی اور یہ ایک لاکھ 50 ہزار روپے فی 10 گرام کے قریب بند ہوا تھا، تاہم نئے ہفتے کے آغاز پر قیمتوں نے دوبارہ تیزی اختیار کرلی۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی خبروں کے بعد ڈالر کمزور ہوا، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں نے دوبارہ قیمتی دھاتوں کا رخ کیا۔ لیمون مارکیٹس کے ریسرچ اینالسٹ گورو گرگ کے مطابق امن معاہدے نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیا ہے جس کے باعث سونے کی مانگ میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔بین الاقوامی منڈی میں بھی سونے کی قیمتوں میں نمایاں بہتری آئی۔ نیویارک کی کموڈٹی مارکیٹ میں اگست کے سونے کے معاہدے کی قیمت 91.04 ڈالر یا 2.15 فیصد اضافے کے ساتھ 4,329.84 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں سونا تقریباً 3 فیصد گر کر 4,238.8 ڈالر فی اونس پر بند ہوا تھا۔ معاہدے کے تحت کشیدگی میں کمی، ایران پر امریکی پابندیوں میں نرمی اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی توقعات نے سرمایہ کاروں کے جذبات کو تقویت دی ہے۔