۔2درجن گھوڑے، بھیڑ بکریاں اور مویشی ہلاک، مغل روڈ پر پتھر گر آنے سے1 لقمہ اجل، 2زخمی
غلام نبی رینہ+عشرت بٹ
کنگن+پونچھ // سونہ مرگ کے ٹریکنگ علاقے میں 2دن تک لگاتار بارشوں اور اوپری پہاڑوں پر برفباری کے بعد موسمی صورتحال یکسر تبدیل ہوئی اور اس علاقے میں قریب 200ٹریکر پھنسے رہے۔اس دوران شدید سردی سے ایک مہم جو اور ایک چرواہا لقمہ اجل بن گئے جبکہ دو درجن کے قریب بھیڑ بکریاں ، گھوڑے اور مویشی ہلاک ہوئے۔شدید برشوں کی وجہ سے متعدد خیمے اکھڑ گئے اور بچائو کارروائی کے دوران یہاں موجود لوگوں کو نیچے میدای علاقے میں لایا گیا۔ادھروادی اور جموں کے متعدد علاقوں میں موسلادار بارشوں سے خشک ندی نالوں میں پانی بھر گیا ۔ مسلسل بارشوں کے باعث تاریخی مغل روڑ پر ایک نجی ماروتی کار بھاری پتھر کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں ایک شہری لقمہ اجل جبکہ دیگر دو زخمی ہو گئے ۔شاہراہ کی حالت دیکھتے ہوئے حکام نے اسے ٹریفک کی آمد رفت کیلئے بندکردیا ۔ادھر کنگن میں بارشوں کی وجہ سے ایک عارضی کوٹھہ منہدم ہواجس کے نتیجے میں کئی بھیڑ دب کر ہلاک ہوگئے ۔
سونہ مرگ
3 روز تک مسلسل بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد سونہ مرگ اور اسکے ملحقہ ٹریکنگ ائریا میں موسمی صورتحال انتہائی خراب ہوگئی جس کے بعد شدید سردی سے 2افراد کی موت واقع ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ7روز قبل سونہ مرگ سے نارہ ناگ ٹریکنگ علاقے کیلئے مختلف کوہ پیما ٹیمیں کیمپنگ کیلئے گئیں اور وہ مقررہ وقت پر واپس نہیں پہنچی۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو انکی واپسی مقرر تھی، لیکن جب وہ نہیں آئے تو ریسکیو ٹیمیں روانہ ہوئیں۔ریسکیو ٹیم میں شامل ذیشان مشتاق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ نارہ ناگ سے28کلو میٹر دور’گاڈ سر ‘اور’ست سر ‘کے درمیانی علاقے اور گریز کے پہاڑی سلسلے میں موجود’ نچی نئی‘ علاقوں میں تین دن تک مسلسل بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا اور ایک گھنٹے کیلئے بھی بارش نہیں رکی۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں جب اس علاقے میں پورا دن سفر کرنے کے بعد پہنچی تو انہوں نے درجنوں خیموں کو تباہ پایا، درجنوں گھوڑے، مال مویشی اور بھیڑ بکریاں ہلاک ہوئی تھیں اور ایک ٹریکر کی لاش پڑی تھی جبکہ ایک چرواہا شدید بیمار تھا۔انہوں نے کہا کہ اسکے علاوہ ایک ٹریکر بھی بیمار تھا۔ذیشان نے کہا کہ جس کمپنی کیساتھ وہ کام کررہے ہیں انکی ٹیموں نے یہاں پھنسے بیمار لوگوں کو نکالا اور چوپان محلہ منی گام کے چرواہے حبیب اللہ چوپان ولد مرحوم غلام احمد (60) کی لاش اپنے ساتھ لائی۔انہوں نے کہا کہ وشن سر کیلئے ٹریکنگ پر آئے 15 افراد پر مشتمل گروپ میں شامل 44سالہ روہت پال ولد جتندر پال ساکن سوتھ ویسٹ دہلی ست سرکے مقام پر آکسیجن کی کمی محسوس ہوئی جس کی وجہ سے وہ گر پڑا اگرچہ دیگر ساتھیوں نے مذکورہ نوجوان کو اٹھانے کی کوشش کی لیکن وہ دم توڑ بیٹھا۔ذیشان نے مزید کہا کہ ایک اور ٹریکر بھی بیمار تھا جسے انہوں نے نیچے لایا تاہم وہ ٹھیک ہوگیا۔انکا کہنا تھا کہ اس گروپ میں میاں بیوی کے علاوہ خواتین بھی تھیں۔ ایس ایچ او کنگن محبوب حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مذکورہ ٹریکر کی موت آکسیجن کی کمی کے باعث ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ لاش کو پولیس نے طبی لوازمات کے لئے اپنی تحویل میں رکھا ہے۔ریسکیوں ٹیموں کا کہنا ہے کہ کم سے کم 200افراد اس علاقے میں کیمپنگ کررہے تھے، جو لگاتار براش میں پھنسے تھے جنہیں نیچے لانے میں تعاون کیا گیا۔
مغل روڑ
پولیس نے بتایا کہ تاریخی مغل شاہراہ پر مسلسل بارشوں کے دوران جمعہ کی صبح ایک ماروتی کار پتھروں کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں کار میں سوار ایک شہری لقمہ اجل بن گیا جبکہ اس میں سوار دو دیگر زخمی ہو گئے ۔ ماروتی کار چھتا پانی کے مقام پر جونہی پہنچ گئی تو وہاں ایک پتھر گاڑی پر گر آیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار تین افراد زخمی ہو گئے جن کو سب ضلع اسپتال سرنکوٹ پہنچایا گیا ، جہاں ایک کو مردہ قرار دیا گیا جبکہ دو دیگر کا علاج جاری ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات جاری ہے ۔ ادھر گزشتہ دو دنوں سے خراب موسم کی وجہ سے مغل روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ سڑک کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے ۔
کنگن
کنگن کے رائل گنڈ میں موسلادار بارشوں کی وجہ سے ایک عارضی کوٹھہار مہندم ہوگیا ۔ تین روز سے جاری بارشوں کے نتیجے میں رائل گنڈ نارڈ میں ایک خانہ بدوش لال الدین ولد حسین بوکڈا ساکن منجکوٹ راجوری کا ایک عارضی کوٹھہ زمین بوس ہوگیا ۔معلوم ہوا کہ اس میں موجود کئی بھیڑ بکریاں دب کر ہلاک ہوگئیں ہیں۔
بارشیں
جموں و کشمیر میں گزشتہ دو دنوں سے خراب موسم کے دوران مسلسل بارشیں ہوئیں جس سے دریائے جہلم اور دیگر ندی نالوں میں پانی بھر گیا ۔ وسطی کشمیر کیساتھ ساتھ جنوبی کشمیرمیں بھی دوران شب جمعہ کی سہ پہرتک وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہوتی رہی۔بارشو ں کا سلسلہ جار ی رہنے کے باعث دریائے جہلم ،نالہ ویشو اور دیگر ندی نالوںمیں پانی کی سطح میں تیز ی کیساتھ اضافہ ہو گیا جبکہ نالہ لدر میں جمعرات کو شام دیر گئے طغیانی کی صورتحال پیدا ہوئی ۔ نالہ میں پھنسے ہوئے خانہ بدوشوں کے ایک گروپ کو کامیابی سے بچایا گیا۔ پولیس سٹیشن مٹن کوکال موصول ہونے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ مشترکہ ریسکو ٹیم کو فوری طور پر پیٹھ نمبل روانہ کیا گیا۔ ٹیم نے کامیابی کیساتھ2 افرادبشمول شوہر اور بیوی کو بچا لیا، جنہیں بحفاظت محفوظ علاقے میں منتقل کر دیا گیا۔