کنگن// صحت افزا مقام سونہ مرگ کے لش پتھری جنگلا ت میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں متعدد سر سبز درخت تباہ ہوئے ۔کشمیر عظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق صحت افزا مقام سونہ مرگ کے لش پتھری جنگلا ت کے کمپارٹ منٹ نمبر 64میں جاری آگ کی ہولناک واردات میں سینکڑوں سر سبز درخت راکھ کی ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ۔بتایا جاتا ہے کہ آگ اس قدر بھیا نک تھی کہ اس نے جنگلات کے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ذرائع نے بتایا کہ آگ بجھانے کے لئے دوپہر تک جنگلات کا کوئی بھی اہلکار موجود نہیں تھا ۔اس دوران جب آگ تیزی کے ساتھ پھیلنے لگی تو سونہ مرگ ڈیو لپمنٹ اتھارٹی کے چند کیجول لیبر آگ کو قابو کرنے کیلئے جنگل کی طرف روانہ ہوئے تاہم آگ اس قدر بھیانک تھی کہ وہ بھی آگ کو قابو کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ذرائع نے بتایا کہ آگ کی اس ہولناک واردات میں متعدد سر سبز درخت راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے ہیں ۔رینج آفیسر سندھ فارسٹ ڈیژون کنگن منیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ لش پتھر جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے کے لئے جنگلات کے اہلکاروں کو روانہ کیا گیا ہے اور جلد ہی آگ پر قابو پایا جائے گا ۔