سونہ مرگ سمیت کئی علاقوں میں ہلکی برفباری ۔29سے پھر سے موسم خراب ہونیکا امکان

 اشفاق سعید

سرینگر//وادی کے کئی علاقوں میں برفباری اور تازہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 29 جنوری سے ہلکے برف و باراں کے ایک اور مرحلے کا امکان ہے لیکن تب تک موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ضلع گاندربل کے سونہ مرگ پہاڑی سلسلے میں تیسرے روز بھی ہلکی برفباری وقفے وقفے سے جاری رہی۔زوجیلا میں ساڑھے چار فٹ، سونہ مرگ میں تین فٹ، گگن گیر میں ڈیڑھ فٹ اور کلن و گنڈ میں ایک ایک فٹ تازہ برفباری ریکارڈ کی گئیوادی کشمیرکے جنوبی اضلاع میں درمیانی رات کو ہلکی برفباری ہوئی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں قاضی گنڈ میں 20.0 سینٹی میٹر، پہلگام میں 40.7 سینٹی میٹر، کوکرناگ میں 35.0 سینٹی میٹر اور گلمرگ میں 33.5 سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں گلمرگ میں 3 فٹ سے زیادہ برفباری ہوئی ہے۔ٹنل کے آر پار تازہ برفباری اور بارشوں کے بعد موسم میں بہتری آنے کے ساتھ ہی شبانہ درجہ حرارت میں پھر سے کمی آئی ۔ سرینگر میں درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، قاضی گنڈ میں منفی 0.4 جبکہ گلمرگ میں گزشتہ رات منفی 10.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔، کوکرناگ میں منفی 0.6 ، کپواڑہ میں پارہ منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ پر رہا ۔جموں میں 6.3 ، لداخ کے لیہہ اور کرگل میں بالترتیب منفی 9.0 اور منفی 8.1 ریکارڈ کیا گیا۔