جموں//ماہرموسمیات اورڈائریکٹر میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ جموں وکشمیر سونم لوٹس کو کلائمنٹ سائنس اورسسٹمیٹک اینڈ پریسائز ویدروارننگس کے شعبے میں نمایاں خدمات کے سلسلے میں بیسٹ ایمپلائی ایوارڈ برائے سال 2017-18 عطاکیاگیاہے ۔یہ اعزاز وزارت ارتھ سائنسز حکومت ہندکی جانب سے گذشتہ روز دہلی میں منعقدہ وزارت ارتھ سائنسزکے سالانہ یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں دیاگیا۔ لوٹس کوسرٹیفکیٹ آف میرٹ اورمومینٹوکے ہمراہ ایوارڈسے نوازاگیا۔سونم لوٹس نے کئی برسوں تک بااعتبارموسمی پیش گوئی کی وجہ سے منفرد شہرت حاصل کی ہے ۔ سونم لوٹس کی موسمی پیش گوئیوں پرلوگوں کی قریبی نگاہ ہوتی ہے ۔اپنی تعلیمی پس منظر کے بارے میں بتاتے ہوئے سونم نے کہاکہ اس نے بارہویں جماعت تک نیوما ،لیہہ سے حاصل کی اوراس کے بعد گورنمنٹ گاندھی میموریل (جی جی ایم ) سائنس کالج جموں سے نان میڈیکل سٹریم میں بیچلرآف سائنس (بی ایس سی ) کرنے کے بعد فلاسفی میں ماسٹرس ڈگری جموں یونیورسٹی سے حاصل کی۔سونم نے یونین پبلک سروس کمیشن (یوپی ایس سی ) کے امتحان میں 2005 میں کامیابی حاصل کی اوراس کے بعد میٹرولوجی اینڈویدرفورکاسٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام سکول آف انڈیا میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی )پونے سے ایک سالہ تربیت حاصل کی۔