غلام نبی رینہ
سونہ مرگ//یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے وزیر ستیش شرما نے اتوار کوسونہ مرگ میں سنو سیکنگ کورس کا افتتاح کیا۔ وزیر موصوف نے اس موقعہ پرکہا کہ پہلے گلمرگ میں ہی سنو سیکنگ کی جاتی تھی لیکن اب سونمرگ میں بھی ہورہی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی کا یہاں کے لوگ بے صبری کے ساتھ انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر بھارت کا تاج ہے اور اس تاج کو ترجیح دینا لازمی بنتا ہے۔ستیش شرما نے کہا کہ سونمرگ میں ونٹر سپورٹس کھیلوں کو بڑھاوا دینے کی خاطر سرکار زمینی سطح پر کام کررہی ہے۔ وزیر کا کہنا تھا کہ سونمرگ کو دنیا کے بہترین سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دی جائے گی، اور اس ضمن میں گذشتہ کئی ہفتوں سے دہلی میں مرکزی وزرا کے ساتھ ملاقاتیں کی گئی ہیں جس دوران انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ عوامی سرکار کو ہر سطح پر تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ بحال کرنے سے ہی سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا۔ رہبر کھیل ملازمین کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ستیش شرما نے کہا کہ اس حوالے سے دہلی سے بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی نے ہم سے جو چھینا ہے ہم اس کی بحالی چاہتے ہیں ان کے مطابق موجودہ سرکار نے عوام سے جتنے وعدے کئے ہیں انہیں ہر حال میں پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل سے کہا کہ سنو سیکنگ کورس اور دیگر سرمائی کھیلوں کے لئے بیس کنال اراضی فراہم کرے تاکہ وہ سنو سیکنگ کے لئے بہترین جگہ بنا سکیں ۔