عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// محکمہ موسمیات نے اتوار کو کہا کہ جموں و کشمیر کے الگ تھلگ مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش 19 اپریل تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی جبکہ کپواڑہ کے کچھ اونچے علاقوں اور سونمرگ کے سیاحتی مقام پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تازہ برف باری ہوئی۔ شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے بالائی علاقوں، بانڈی پورہ ضلع کی وادی گریز، سونمرگ کے سیاحتی مقام اور سرینگر لداخ شاہراہ پر زوجیلا پاس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تازہ ہلکی برفباری ہوئی۔15 اپریل کی شام سے صبح 16 بجے تک کئی مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے، جبکہ 17 سے 18 اپریل کے دوران چند مقامات پر دیر سے گرج چمک کے ساتھ معمولی بارشیں لیکن موسم عام طور پر موسم خشک رہے گا۔19 اپریل کی شام سے 20 اپریل کی صبح تک کئی مقامات پر ہلکی بارش یا برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہا کہ 21-23 اپریل کے دوران ممکنہ طور پر سہ پہر کوگرج چمک کے ساتھ بارش کے ساتھ موسم عام طور پر خشک رہے گا۔حکام نے بتایا کہ خراب موسمی حالات کی وجہ سے 14 اور 15 اپریل کے دوران کچھ اونچی جگہوں پر نقل و حمل میں خلل پڑ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے دفتر کے پاس دستیاب بارش کے اعداد و شمار کے مطابق سرینگر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 15 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 15.2 ملی میٹر، پہلگام میں 32.4 ملی میٹر، کپواڑہ میں 11.6 ملی میٹر، کوکرناگ میں 8.4 ملی میٹر اور گلمرگ میں 9.0 ملی میٹر بارش ہوئی۔ادھرجموں و کشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اتوار کو اگلے 24 گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے دو اضلاع کے بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کی وارننگ جاری کی۔حکام نے بتایاکہ اگلے 24 گھنٹوں میں شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ اور وسطی کشمیر کے گاندربل اضلاع میں”درمیانے خطرے” کی سطح کے ساتھ برفانی تودہ گرنے کا امکان ہے۔