سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے انتظامیہ سے گذارش کی کہ 24اکتوبر بروز اتوار منعقد ہونے والے سول سروسز امتحانات کو ملتوی کیاجائے۔ ایک بیان میں بخاری نے کہاکہ حکومت نے پہلے ہی وادی کشمیر میں ناسازگار موسمی حالات سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے، لہٰذا یہ ناگزیر بن گیاہے کہ طلبہ کی سلامتی کیلئے جموں وکشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروسز امتحانات کو ملتوی کیاجائے۔انہوں نے کہاکہ سرینگر میں امتحانی مراکز کے لئے وادی کے اطراف واکناف سے طلبا کو آنا ہے اور حالیہ برف باری اور موسلادھار بارشوں کی وجہ سے متعددسڑکیں بلاک ہیں۔ خواہشمند طلبا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر امتحانات ملتوی نہ کئے گئے تو اُ ن کو بہت نقصان ہوگا جوکہ عرصہ دراز سے امتحان دینے کے لئے تیار کر رہے ہیں، لہٰذا یہ ناگزیر بن چکا ہے کہ امتحانات ملتوی کئے جائیں تاکہ طلبا کو کسی قسم کی مشکلا ت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بخاری نے مزید کہاکہ اچانک موسمی حالات نے کروٹ بدلی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوچکا ہے ، اس کیلئے امتحانی مراکز میں ضروری انتظامات بھی نہ کئے گئے ہیں اور نہ ہی ضروری گرمی کا انتظام ہے۔