محمد تسکین
بانہال // فوج کی طرف سے ضلع رام بن کے دور افتادہ علاقہ اْکڑال ، سینا بتی میں ایک میڈیکل کم ویٹرنری کیمپ کا انعقاد کیا جس سے سینکڑوں لوگ اور مال مویشی مستفید ہوئے۔ اس کیمپ کیلئے فوج کو محکمہ صحت اور محکمہ حیوانات کا تعاون حاصل تھا۔اس کیمپ کیلئے فوج کی بارہ راشٹریہ رائفلز کے بانہال ہیڈکوارٹر سے سے آرمی میڈیکل افیسر اور پرائمری ہیلتھ سینٹر اْکڑال اور محکمہ حیوانات اْکڑال سے ڈاکٹروں کی ٹیموں کی خدمات حاصل تھیں۔ اس موقع پر پانچ سو کے قریب مریضوں کی تشخیص کی گئی اور ان میں مفت ادویات تقسیم کی گئیں۔ اس کے علاوہ دو سو کے قریب مال مویشیوں کا بھی علاج و معالجہ کیا گیا اور انہیں بھی مفت ادویات دی گئیں۔ کیمپ میں مرد وخواتین اور بچوں کی بھیڑ لگی تھی اور ڈاکٹروں کو ان کی تشخیص کیلئے پورا دن لگا۔ ڈاکٹروں کئی بیماروں کو مزید علاج و معالجہ کیلئے دوسرے ہسپتالوں کا رخ کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔