جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے سنگیوٹ علاقے میں تباہ کن سلائیڈنگ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جس کے باعث نقصانات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق انتظامیہ اس صورتحال پر کوئی عملی قدم نہیں اٹھا رہی، جبکہ مزید مکانات اور زمینیں خطرے کی زد میں ہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ 17 جولائی کی رات ہونے والے بڑے نقصان کے بعد بھی انتظامیہ نے صرف متاثرہ جگہ کا معائنہ کیا، لیکن جہاں مزید سلائیڈنگ کا خدشہ ہے وہاں کوئی پیشگی کام نہیں کیا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ نئی سلائیڈنگ نے ایک اور مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے غریب خاندان کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا، جبکہ کئی دیگر مکان بھی خطرے میں ہیں۔متاثرین نے یہ بھی الزام لگایا کہ آج تک نہ تو سلائیڈنگ زد میں آنے والے خاندانوں کو کوئی ریلیف دیا گیا اور نہ ہی زمین پر سلائیڈنگ کو روکنے کے لئے کوئی مؤثر اقدامات کئے گئے۔علاقہ کے لوگوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ اور ایس ڈی ایم مینڈھر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری معاوضہ فراہم کیا جائے اور سلائیڈنگ کو روکنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، ورنہ وہ قومی شاہراہ بند کر کے بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔