عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نےکہا کہ سنگھ پورہ۔وائیلو ٹنل کو مرکزی وزارتِ روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی وے ( ایم او آر ٹی ایچ )کے تحت نیشنل ہائی ویز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (این ایچ آئی ڈِی سی ایل) کے ذریعے دوبارہ منظور ی دی جائے گی ۔وزیر موصوف ایوان میںرُکن اسمبلی لال شرما کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے بتایا کہ سنگھ پورہ۔ وائیلو ٹنل کے لئے ٹینڈر طلب کئے گئے تھے لیکن انتظامی وجوہات کی بنا پر منسوخ کیا گیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس پروجیکٹ کوبھارت مالا پریوجنا مرحلہ اوّل کے تحت منظور ی دی گئی تھی جسے روک دیا گیا تھا اور مذکورہ پروجیکٹ کو ایم او آر ٹی ایچ کی این ایچ (او) سکیم کے تحت منظوری کی ضرورت ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ ایم او آر ٹی ایچ کے ساتھ اس معاملے کو اُٹھایا گیا ہے تاکہ این ایچ آئی ڈِی سی ایل کے ذریعے پروجیکٹ کو دوبارہ منظوری حاصل کی جا سکے اور جیسے ہی اس کی منظوری ملے گی، ٹینڈر دوبارہ جاری کئے جائیں گے۔وزیر موصوف نے مزید بتایا کہ چینجر، بھونڈا، چوئی درمن، واڑون ، درد پورہ، وائیلو ٹنل کے لئے فی الحال کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی محمد چودھری اکرم نے ضمنی سوال اُٹھایا۔