خالد جاوید
کولگام//ضلع رام بن کے سنگلدان گول میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں کولگام کا ایک میڈیکل آفیسر لقمہ اجل بن گیا۔ ضلع ریاسی کے مہور علاقہ میں قائم پرائمری ہیلتھ سینٹر باگوداس میں تعینات ضلع کولگام کے رہنے والا ایک z36سالہ معالج ڈاکٹر مظفر احمد وانی ولد محمد یوسف وانی ساکن منڈھول دیوسر،عیدالاضحی کے موقعہ پر اپنے آبائی گھر آرہا تھا لیکن کاتب تقدیر کویہ منظورنہیں تھا۔ ڈاکٹر جب اپنی گاڑی زیر نمبرJK02AW/1801میں گھرکی جانب آرہا تھا تو قریب12 بجے سیل کنڈ سنگلدان میںوہ اپنی گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا اور گاڑی گہری کھائی میں جاگری۔ فوری طورپربچائو کارروائی شروع کی گئی تاہم جب بچائو ٹیم کھائی میں پہنچی ،تب تک ڈاکٹر کی موت واقع ہوچکی تھی ۔اُن کی میت کوکھائی سے نکال کر نزدیکی اسپتال منتقل کیاگیا ،جہاں سے اس کوآبائی علاقہ بھیجا جائیگا۔جونہی انکی میت آبائی گائوں لائی گئی تو یہاں کہرام مچ گیا۔ انکی نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔موصوف ڈاکٹر، جنوبی کشمیر کے معروف جرنلسٹ اور سی این ایس کے بیرو چیف فاروق احمد کا قریبی رشتہ دار تھا۔