نئی دہلی//ہندوستانی ویٹ لفٹر سنکیت مہادیو سرگر نے مردوں کے 55 کلو گرام بھار ورگ سلور میڈل جیتا۔ کامن ویلتھ گیمس 2022 میں یہ ہندوستان کا پہلا میڈل ہے۔ اس مقابلے کا گولڈ میڈل ملیشیا کے بن کاسدان محمد عنیق نے جیتا۔ انہوں نے کل 249 کلو گرام کا وزن اٹھایا۔ سنکیت مہادیو 248 کلو گرام وزن ہی اٹھا سکے۔ انہیں کلین اینڈ جرک کے تیسری کوشش میں ہلکی چوٹ لگی، جس کے سبب وہ گولڈ میڈل سے محروم رہ گئے۔ سنکیت نے اسنیچ میں 113 اور کلین اینڈ جرک میں 135 کلو گرام وزن اٹھایا۔ مہاراشٹر کے سانگلی کے رہنے والے سنکیت مہادیو سرگر نے گزشتہ سال دسمبر میں ہوئی کامن ویلتھ چمپئن شپ میں نیشنل ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔ انہوں نے اسنیچ میں 113 کلو گرام کا وزن اٹھاکر گولڈ جیتا تھا۔ اسی گولڈ سے انہیں کامن ویلتھ گیمس 2022 کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔ 21 سالہ سنکیت مہادیو کھیلو انڈیا یوتھ گیمس 2020 اور کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمس 2020 کے چمپئن تھے۔ ہندوستان 1990, 2002 اور 2018 کامن ویلتھ گیمس میں ویٹ لفٹنگ میں سب سے بہترین کارکردگی کرنے والا ملک رہا ہے۔ کامن ویلتھ گیمس کی تاریخ میں ویٹ لفٹنگ میں ہندوستان 126 میڈل کے ساتھ دوسرا سب سے کامیاب ملک ہے۔ ان کھیلوں کی ویٹ لفٹنگ مقابلے میں اس سے زیادہ میڈل صرف آسٹریلیا (159) نے جیتے ہیں۔ سال 2018 میں ہوئے کامن ویلتھ گیمس کھیلوں میں ہندوستان کے ویٹ لفٹروں کا دبدبہ رہا، جنہوں نے 5 گولڈ میڈل سمیت 9 میڈل جیتے ہیں۔