عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سنڈے مارکیٹ سرینگر میں اتوار کو پہلی بار موجودہ سیزن میںگرم کپڑوں کی خرید و فروخت میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔پولو ویو سے جہانگیر چوک تک 1200سے زیادہ دکاندار ہر روز اتوار کو اپنی دکانیں سجاتے ہیں ۔ ان دکانداروں میں نصٖ سے زیادہ ایسے ہوتے ہیں جو ہفتے میں صرف ایک دن کیلئے کاروبار کرتے ہیں۔لیکن بہت سارے ایسے ہیں جن کی دکانیںپائین شہر یا سیول لائنز علاقے میں بھی ہیں۔سنڈے مارکیٹ میں لوگ ہر اتوار کو گھریلو چیزیں اور ملبوسات کی خرید وفروخت کرتے ہیں۔موجودہ سیزن میں کل اتوار 15اکتوبر کو سب سے زیادہ بھیڑ نظر آئی۔دن بھر لوگوں کی بھاری بھیڑ امڈ آئی اور موسمی صورتحال خراب ہونے کی وجہ سے لوگ گرم ملبوسات خریدنے میں مصروف رہے۔جاوید احمد نامی دکاندار نے بتایا کہ عام اتوار کو اتنی بڑی بھیڑ نہیں ہوتی تھی لیکن آج سب سے زیادہ بھیڑ نظر آئی۔انہوں نے کہا کہ صبح سے ہی لوگوں نے جم کر خریداری کی اور عمومی طور پر ہر ایک گرم ملبوسات فروخت کرنے والے دکاندار نے تقریباً 6000روپے میں کپڑے بھیج دیئے۔سنڈے مارکیٹ میں اتوار کو ریکارڈ خریداری کی گئی کیونکہ دن میں ہزاروں افراد مارکیٹ میں خریداری کرتے رہے۔سنڈے مارکیٹ میں لوگوں کی بھاری بھیڑ کی وجہ سے ٹریفک میں بھی خلل پڑا اور دن بھر لالچوک، ریذیڈنسی روڑ، پولو ویو، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ اور امیرا کدل میں تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔