گاندربل//سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے پیر کے روز کیمپس کے مختلف امتحانی مراکز کا معائنہ کیا اور کووڈ 19 کے پیش نظر کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر کو بتایا گیا کہ امتحانات کے انعقاد کے دوران سخت ترین کوڈ-19 سے بچنے کیلئے رہنما خطوط پر عمل کیا جارہا ہے۔ اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے یونیورسٹی کے ہیلتھ سیکشن کے ملازمین کو کوڈ فری امتحان کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اور اقدامات کرنے کی تاکید کی۔ڈائریکٹر تولہ مولہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول نے تولہ مولہ کیمپس میں وائس چانسلر کو آگاہ کیا کہ کوڈ پروٹوکول کے افسران کو کیمپس کے ہر شعبہ میں نامزد کیا گیا ہے جن کو رہنما خطوط کی عمل آوری کو یقینی بنانے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت کیمپس میں آر اے ٹی ٹیسٹنگ کی گئی اور طلباء اور عملے کا کسی بھی ممکنہ معاملات کے پیش نظر جانچ کی گئی تاہم کوئی بھی مثبت نہیں پایا۔ کیمپس کے مختلف شعبوں اور نمایاں مقامات کے داخلہ دروازے پر پوسٹرز اور بینرز لگائے گئے ہیں جس میں طلباء اساتذہ اور عملے کو COVID SOPs کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی وقت کسی طالب علم سے 50 روپے اور کیمپس میں بغیر کسی ماسک پہنے ملنے والے ملازمین سے 200 روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔بعد ازاں وائس چانسلر نے مختلف شعبوں کے سربراہوں کے ایک اجلاس کی صدارت کی اور کوویڈ۔19 کے دوبارہ ابھرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ کچھ امتحانات ملتوی کردیئے گئے ہیں اور کچھ کو طے کیا گیا تھا تاکہ کیمپس میں حاضری کم ہوجائے۔ حال ہی میں ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے لئے پی ایچ ڈی کے خواہشمند افراد کی مشاورت بھی ملتوی کردی گئی ہے۔