سنٹرل آرمڈ پولیس فورس کانسٹیبل بھرتی | 128شہروں میں48لاکھ امیدوار شریک ہونگے

عظمیٰ نیوز سروس

نئی دہلی// سنٹرل آرمڈ پولیس فورس ( سی آر پی ایف، بی ایس ایف اور سی آئی ایس ایف) میں کانسٹیبل کی بھرتی کا امتحان پہلی بار ہندی اور انگریزی کے علاوہ 13 علاقائی زبانوں میں لیا جائے گا۔ایک سرکاری بیان کے مطابق، یہ امتحان 10 فروری سے 7 مارچ تک منعقد ہو رہا ہے اور ملک بھر کے 128 شہروں میں تقریباً 48 لاکھ امیدوار شرکت کر رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہنمائی میں، وزارت داخلہ نے سی اے پی ایف میں بھرتی کے لیے کانسٹیبل(جنرل ڈیوٹی) امتحان یکم جنوری 2024 سے انگریزی اور ہندی کے علاوہ 13 علاقائی زبانوں میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ “تاریخی فیصلہ” مرکزی مسلح پولیس فورسز میں مقامی نوجوانوں کی شمولیت اور علاقائی زبانوں کو فروغ دینے کے لیے وزیر داخلہ کی پہل پر لیا گیا ہے۔ ہندی اور انگریزی کے علاوہ، سوالیہ پرچے اب 13 علاقائی زبانوں میں تیار کیے جائیں گے جن میں آسامی، بنگالی، گجراتی، مراٹھی، ملیالم، کنڑ، تمل، تیلگو، اوڈیا، اردو، پنجابی، منی پوری اور کونکنی شامل ہے۔ کانسٹیبل کا امتحان اسٹاف سلیکشن کمیشن (SSC) کے ذریعے کرائے جانے والے فلیگ شپ بھرتی ٹیسٹوں میں سے ایک ہے جو ملک بھر سے لاکھوں نوجوانوں کو راغب کرتا ہے۔ایم ایچ اے اور اسٹاف سلیکشن کمیشن نے ہندی اور انگریزی کے علاوہ 13 علاقائی زبانوں میں امتحان کے انعقاد کو آسان بنانے کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے ہیں۔ اسی مناسبت سے ایس ایس سی نے اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔اس فیصلے کے نتیجے میں لاکھوں نوجوان اپنی مادری زبان یا علاقائی زبان میں امتحان میں حصہ لیں گے اور ان کے انتخاب کے امکانات بہتر ہوں گے۔