خطہ دیگر ریاستوں سے بجلی کی درآمدات پر انحصار کرنے پر مجبور :وزیر اعلیٰ
نئی دہلی//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پانی سے مالا مال جموں و کشمیر پر سند طاس معاہدی(انڈس واٹر ٹریٹی ) کے مضمرات پر روشنی ڈالی، جو بنیادی طور پرپانی کو ذخیرہ کر کے پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو محدود کرتا ہے۔ معاہدے کی رکاوٹوں کے نتیجے میں، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جموں و کشمیر کو سردیوں کے مہینوں میں بھاری قیمت ادا کرنا پڑتی ہے جب بجلی کی پیداوار کم ہوتی ہے، جس سے لوگوں کے لیے مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ، جن کے پاس پاورکا محکمہ کا چارج بھی ہے، یہاں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پاور منسٹرس کی کانفرنس کے دوران بات کر رہے تھے۔ مرکزی وزیر برائے بجلی، منوہر لال نے کانفرنس کی صدارت کی، جس میں چیف منسٹر کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری، دھیرج گپتا، پرنسپل سیکریٹری پاور، جے اینڈ کے، ایچ راجیش پرساد اور جے اینڈ کے ڈسکام کے ایم ڈیز نے جموں و کشمیر کے وفد کے طور پر شرکت کی۔ اس کانفرنس میں بجلی کے وزیر مملکت شری پد یسو نائک بھی موجود تھے جس میں ملک بھر سے بجلی کے وزرا اور سینئرسرکاری عہدیداروں نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، عمر نے سندھ آبی معاہدے میں ان محدود شقوں پر روشنی ڈالی جو جموں و کشمیر کو صرف دریا سے چلنے والے منصوبوں کی اجازت دے کر اپنی مکمل ہائیڈل صلاحیت کو حاصل کرنے سے روکتی ہے۔انہوں نے کہا’’ ہائیڈل پاور جموں و کشمیر کا واحد قابل عمل توانائی کا ذریعہ ہے، یہ خطہ دیگر ریاستوں سے بجلی کی درآمدات پر انحصار کرنے پر مجبور ہے، جس سے اس کی معیشت پر منفی اثر پڑتا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ اس کو حل کرنے کے لیے، جموں و کشمیر کو حکومت ہند سے خصوصی معاوضے کی ضرورت ہوگی، بشمول وائبلٹی گیپ فنڈنگ اور ایکویٹی امداد، تاکہ اس کی غیر استعمال شدہ ہائیڈرو انرجی صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے اور قومی صاف توانائی کے اہداف میں بھی حصہ ڈالیں۔چیف منسٹر نے مرکزی پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس جیسے پی ای ایس ایل اور نیشنل تھرمل پاور کارپوریشن کو جموں و کشمیر میں پریمیئر ری ویمپڈ ڈسٹری بیوشن سیکٹر سکیم کے تحت فاسٹ ٹریکنگ نقصان کو کم کرنے کے کاموں میں جوابدہ بنانے میں مرکز کی مداخلت کی بھی خواہش کی۔وزیر اعلی نے بجلی کی وزارت سے آر ڈی ایس ایس کے تحت الیکٹرک انفرا ورکس کے نفاذ کے لئے گیپ فنڈنگ پر غور کرنے کی بھی درخواست کی۔ سولر پاور پوٹینشل اور گرین انرجی پر سیشن کے دوران، وزیر اعلیٰ نے لداخ میں پیدا ہونے والی شمسی توانائی پر غور کیا اور کہا کہ جموں و کشمیر اضافی توانائی حاصل کرنا چاہے گا جو یوٹی پیدا کرنے کے قابل ہے۔اس سے پہلے، عمر عبداللہ پیر کی شام انڈیا انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکسپو سینٹر دوارکا میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے بجلی کے وزیروں کی کانفرنس میں شرکت کے لیے یہاں پہنچے تھے۔وہ پورا دن رہے اور تمام تکنیکی سیشنز میں حصہ لیا اور کانفرنس کے دوران جموں و کشمیر حکومت کا نقطہ نظر پیش کیا۔