جموں//سندربنی سیکٹرمیں پاکستانی فائرنگ اور گولی باری سے 2فوجی اہلکارہلاک ہوگئے۔دفاعی ترجمان نے کہاکہ راجوری میں سرحدی علاقوں میں پھرخوف وہراس کی لہردوڑگئی جب سندربنی سیکٹرمیں ہندوپاک افواج کے درمیان گولی باری اورمارٹرشلنگ کاتبادلہ ہوا۔کرنل این این جوشی نے بتایاکہ پاکستانی فوج نے سوموارکی شام 5بجکر15منٹ پرضلع راجوری کے سندربنی سیکٹرمیں ایل ائوسی پرقائم بھارتی فوج کی دفاعی ونگرانی چوکیوں کونشانہ بنانے کیلئے چھوٹے مگرآٹومیٹک ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولی باری کیساتھ ساتھ مارٹرشلنگ بھی کی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی فوج کوبلاجوازفائرنگ وشلنگ کافوری اوربھرپورجواب دیاگیاتاہم اس دوران پاکستانی فوج کی گولی باری کی زدمیں آکر2فوجی جوان شدیدزخمی ہوگئے جن کوفوری طورپرنزدیکی اسپتال منتقل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔دفاعی ترجمان نے بتایاکہ پاکستانی فوج کی فائرنگ کے دوران زخمی ہونے والے دونوں فوجی جوان24سالہ رائفل مین ونودسنگھ ساکن داناپورجوریاں اکھنور اور 30سالہ رائفل مین جیکی شرماساکن سنہیل ہیرانگرکٹھوعہ زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑبیٹھے ۔ 24سالہ ونود سنگھ کا تعلق جوڑیاں اکھنور کے دانا پور سے ہے ، اس کے پسماندگان میں والد اجیت سنگھ ہیں جب کہ 30سالہ جاکی شرما ہیرا نگر کٹھوعہ کے سنہیل گائوں کے رہنے والے ہیں اور پسماندگان میں ان کی اہلیہ رجنی دیوی ہے ۔اکھنور میں فوج کی جانب سے خراج عقیدت پیش کئے جانے کے بعد ان کی آخری رسومات آبائی گائوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کی گئیں ۔
وزیر اعلیٰ کا خراج عقیدت
نیوز ڈیسک
نئی دلی//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ان دو فوجی اہلکاروں کو خراج عقیدت ادا کیا جو آج صبح سندربنی سیکٹرمیں ایل او سی پر سرحد پار کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئے ۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
مہلوک کاریٹائر فوجی والدسرحدوں پر امن کا خواہاں
یوگیش سگوترہ
جموں// ونود سنگھ اپنے والداجیت سنگھ کا اکلوتا بیٹا تھا۔ اس موقعہ پر اجیت سنگھ نے قیام امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’وقت آگیا ہے کہ امن کو ایک موقعہ دیا جائے‘۔سابق فوجی اجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ ’ہم سرحدی کشیدگی میں اور کتنے جوانوں کی قربانی دیں گے؟ ارباباب اقتدار کو سوچنا چاہئے کہ آخر ہم جا کہاں رہے ہیں، انہیں اس خطہ میں امن قائم کرنا چاہئے تا کہ مزید کسی سپاہی کو اپنی جان نہ گنوانی پڑے۔ اور اگر امن کسی بھی طرح ممکن نہ ہو تو فیصلہ کن جنگ لڑی جائے‘۔ فوج میں 28سال خدمات سر انجام دینے کے بعد لیفٹنٹ کے عہدہ سے ریٹائر ہوئے اجیت سنگھ نے کہا کہ اگر چہ وہ جنگ کے مضر اثرات سے بخوبی آگاہ ہیں لیکن سرحدوں پر اس طرح آر پار فائرنگ میں آئے روز جوان کھونے سے بہتر ہے کہ فیصلہ کن جنگ لڑلی جائے۔