جموں//حد متارکہ پر سندر بنی سیکٹر میں ایک مسلح تصادم کے دوران 3فوجی اہلکار اور2جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ وزارت دفاع کے جموں مقیم ترجمان لیفٹنٹ کرنل دیویندر آنند نے بتایا کہ اتوار بعد دوپہر پونے دو بجے کے قریب ضلع راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں مسلح در اندازروں نے معمول کی گشت پر تعینات فوجی اہلکاروں کی ٹکڑی پر حملہ بول دیا جس کے نتیجہ میں 3اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ مزید ایک شدید زخمی ہو گیا۔اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد بذریعہ ہیلی کاپٹر ادہم پور کمان ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بنی ہوئی ہے۔تمام مہلوک اہلکار مقامی ہیں اور وہ جموں کشمیر لائٹ انفینٹری’جیکلائی‘ کے 8ویں یونٹ کے ساتھ منسلک تھے۔ مہلوکین کی شناخت حوالدار کوشل کمار ساکن ڈینگ نوشہرہ راجوری، لانس نائیک رنجیت سنگھ ساکن گام ڈوڈہ اور رائفل مین رجت کمار باسن ساکن پلانوالہ جموں کے طور پر کی گئی ہے جب کہ زخمی اہلکار رائفل مین راکیش کمار کا تعلق سانبہ سے ہے۔ترجمان نے کہا کہ فوج نے فوراً ہی علاقہ کو محاصر ہ میں لے لیا اور دونوں در اندازوں کو ہلاک کر دیا ۔