عظمیٰ نیوز سروس
سندر بنی // جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان اور سابق ایم ایل سی رویندر شرما نے سندربنی سب ڈویژن میں پانی کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جل شکتی محکمہ کے چیف انجینئر جموں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث پانی کی سپلائی بری طرح متاثر ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔شرما نے چیف انجینئر کو آگاہ کیا کہ تاریخ میں پہلی بار پورے سب ڈویژن میں محکمہ کے پاس کوئی بھی واٹر ٹینکر دستیاب نہیں ہے، جب کہ عوام کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ انہوں نے محکمہ کی غفلت پر خاص طور پر میکانیکل ونگ کو ہدفِ تنقید بنایا اور کہا کہ بھجوال، سودرا اور پارٹا سمیت سندربنی ٹاؤن کے کئی علاقے کئی ماہ سے پانی کی شدید کمی جھیل رہے ہیں۔سابق ایم ایل سی نے کہا کہ پانی جیسی بنیادی ضرورت کی عدم دستیابی نے عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ہے، لیکن محکمہ کی نااہلی کے باعث مسئلہ جوں کا توں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سندربنی سب ڈویژن سے عوامی مفاد کے خلاف واحد واٹر ٹینکر کو کسی اور علاقے میں منتقل کیا گیا ہے، جس سے بحران مزید بڑھ گیا ہے۔رویندر شرما نے چیف انجینئر پر زور دیا کہ وہ فوری اقدامات اٹھائیں تاکہ پانی کی سپلائی نظام کو بحال اور بہتر بنایا جائے اور ایک واٹر ٹینکر دوبارہ سندربنی سب ڈویژن کو فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔