رمیش کیسر
سندربنی //سندربنی مین بازار میں اتوار کی دوپہر صراف کی دکان میں اچانک آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاک ہو گیا۔ آگ کی اس افسوسناک واردات میں دکان کے مالک جو جار سنگھ ولد کرپال سنگھ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔مقامی ذرائع کے مطابق آگ اتوار کی دوپہر کو صراف کی دکان میں اچانک نمودار ہوئی، جس کی وجہ سے دکان کے اندر موجود قیمتی زیورات اور دیگر سامان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گیا۔ دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، تاہم نقصان کا اندازہ لاکھوں روپے لگایا جا رہا ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑی موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی لیکن تب تک دکان کا بیشتر سامان جل چکا تھا۔ مقامی لوگوں نے بھی فائر بریگیڈ کے عملے کی مدد کی اور قریبی دکانوں کو نقصان سے بچانے میں کامیابی حاصل کی۔واقعہ کی اطلاع پر نائب وزیراعلیٰ سریندر چوہدری اور کالا کوٹ سندربنی کے ایم ایل اے ٹھاکر رندیر سنگھ موقع پر پہنچے۔ انہوں نے دکان کے مالک جو جار سنگھ سے ملاقات کی اور اس افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ شخص کو ہر ممکن سرکاری مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔اس واقعہ کے بعد علاقے کے دکانداروں اور عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مقامی لوگوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات سے بچنے کے لئے بہتر حفاظتی انتظامات کیے جائیں اور متاثرہ دکاندار کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے۔سندربنی کے عوام نے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ شخص کے لئے یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ حکومت کی جانب سے فوری ردعمل اور مدد کی یقین دہانی عوام کے لئے حوصلہ افزا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ متاثرہ دکاندار کو نقصانات کے ازالے کیلئے کب تک عملی اقدامات کیے جاتے ہیں۔