سنتھن شاہراہ پر بغیر اجازت ٹریفک کی آواجاہی جاری

عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑ سنتھن شاہراہ پر تیسرے روز بھی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر چند مسافر گاڑیاں چلتی رہیں۔ منگل کی دوپہر اس شاہراہ پر برف ہٹانے کا عمل مکمل ہوا تھا جسکے بعد اسی روز چند مسافر گاڑیاں بغیر اجازت کشتواڑ پہنچی تھیں۔انتظامیہ نے اگرچہ جمعرات کو اس سڑک پر آمدورفت بحال ہونے کاامکان ظاہر کیا تھا لیکن خراب موسمی صورتحال کے سبب انتظامیہ نے کوئی ایڈوایزری جاری نہ کی تاہم اسکے باوجود کئی مسافر و نجی گاڑیوں نے اس سڑک پر سفر کیا۔ کشمیر عظمیٰ کو انتظامیہ کے افسران نے بتایا کہ ابھی تک نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے رپورٹ نہیں بھیجی ہے ،جونہی نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام رپورٹ بھیجیں گے، اسکے بعد ہی سڑک پر ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ لوگ انتظامیہ کی اجازت کے بغیرہی سفر کررہے ہیں اور اگر کوئی  ایمرجنسی کے طور جائے گا، اُسے روکا نہیں جائے گا۔پولیس کے سینئر افسر نے بتایا کہ موسم خراب ہونے کی صورت میں سنتھن پر برفباری ہونے کے امکانات ہیں، ایسے میں لوگ اس سڑک پر سفر نہ کریں اور انتظامیہ کی ایڈوایزری کا انتظار کرنے کے بعد اس سڑک پر سفر کریں تاکہ کوئی جانی یا مالی نقصان نہ ہو۔