نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور اترپردیش کے شہر بریلی سے رکن پارلیمنٹ سنتوش گنگوار کو 17ویں لوک سبھا کی تشکیل کے عمل کو پورا کرنے کے لئے پروٹیم اسپیکر یا عارضی اسپیکر بنایا جاسکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آٹھ مرتبہ ایک ہی سیٹ سے منتخب ہونے والے مسٹر گنگوار کو پارٹی کی قیادت کی جانب سے اس بارے میں اشارہ دیاگیا ہے ۔یکم نومبر 1948کو بریلی میں پیدا ہوئے مسٹر گنگوار 1989سے بریلی پارلیمانی حلقے سے الیکشن لڑتے آئے ہیں۔2009کو چھوڑ کر انہوں نے ہر بار جیت حاصل کی ہے ۔ ان کے ساتھ سلطان پور سے پارٹی کی رکن پارلیمنٹ مینکا گاندھی کا بھی نام آگے چل رہاتھا،لیکن کہا جارہا ہے کہ انہیں کابینہ میں جگہ مل سکتی ہے ۔مسٹر گنگوار اور محترمہ مینکا گاندھی دونوں ہی آٹھ مرتبہ جیت کر لوک سبھا پہنچے ہیں۔16ویں لوک سبھا کے لئے کانگریس کے لیڈر کمل ناتھ کو عارضی اسپیکر مقرر کیاگیا تھا۔ عارضی یا پروٹیم اسپیکر عام طورپر سب سے سینئر رکن پارلیمنٹ کو بنایا جاتا ہے جو سبھی نومنتخب اراکین کو ایوان کی رکنیت کا حلف دلاتے ہیں۔اس کے بعد لوک سبھا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ ہوگا۔لوک سبھا کی روایت کے مطابق اسپیکر کے عہدے پر اقتدار فریق کا رکن پارلیمنٹ اور ڈپٹی اسپیکرکے عہدے پر اپوزیشن پارٹیوں میں کسی رکن پارلیمنٹ کو بنایا جاتا ہے ۔16ویں لوک سبھا میں اسپیکر بی جے پی رکن پارلیمنٹ سمترا مہاجن تھیں اور ڈپٹی اسپیکر اے آئی اے ڈی ایم کے کے رکن پارلیمنٹ تھمبی درئی تھے ۔ یواین آئی