سمندری طوفان یاگی کا قہر | ویتنام کے بعدتھائی لینڈا ور میانمار میں تباہی

عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک

بنکاک// ایشیاء کے رواں سال کے سب سے طاقت ور سمندری طوفان یاگی کی تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے ، طوفان نے تھائی لینڈ و میانمار میں بھی تباہی مچادی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طاقت ور طوفان یاگی نے چین، فلپائن اور ویتنام کے بعد اب تھائی لینڈ، لاؤس اور میانمار میں بھی تباہی مچائی ہے ۔سمندری طوفان سے جنوب مشرقی ایشیاء میں شدید بارشیں، خطرناک لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے پورے خطے میں لاکھوں افراد متاثر ہیں۔طوفان کے باعث لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہیں، طوفان نے انفرااسٹرکچر بھی تباہ کر دیا ہے ، ہزاروں افراد کے گھر سیلاب میں بہہ گئے جس کے سبب لوگ اسکول کی عمارتوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔واضح رہے گزشتہ روز طوفان فرانسین (Francine) امریکی ریاست لوزیانا سے ٹکرایا تھا، جس کے نتیجے میں 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلنے لگیں۔طوفان کے سبب لوزیانا میں 42 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ طوفان کے اثرات کے باعث شہریوں کو گھروں پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ادھر ویتنام کے شمالی حصے میں یاگی طوفان کے نتیجے میں اموات کی تعداد 197 ہو گئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق طوفان کے دوران سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ واقعات نے معمولات زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ دارالحکومت ہنوئی میں پانی اگرچہ کچھ اتر گیا ہے لیکن ابھی تک علاقے کا ایک بڑا حصہ زیرِ اب ہے۔ ملک بھر میں 128 افراد ابھی تک لاپتاہیں اور زخمیوں کی تعداد 800 سے زائد ہے۔واضح رہے کہ یاگی طوفان نے 3 ستمبر کو فلپائن کو اپنی لپیٹ میں لیاتھا،جس وجہ سے فلپائن میں 20 افراد ہلاک اور 26 لاپتا ہو گئے تھے۔