سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل جہلم ریور فرنٹ کی ترقی کا سنگ بنیاد رکھا جو سابرمتی ریور فرنٹ کے خطوط پر تیار کیا جائے گا۔75 کروڑ روپے کی لاگت سے ریور فرنٹ پروجیکٹ کو جل شکتی محکمہ سری نگر اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت تعمیرکر رہا ہے۔پہلے مرحلے کا تصور جدید عوامی سہولیات اور جدید ترین سبز مقام کے ساتھ کیا گیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے شہریوں کو بہتر ماحول اور خریداری کا تجربہ فراہم کرنے کے لیے 5.3 کروڑ روپے کی لاگت سے پولو ویو روڈ کو پیدل چلنے والوں کی سہولت کیلئے راستے کے طور پر دوبارہ تیار کرنے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ ہم شہری خدمات میں بہتری، شہری بنیادی ڈھانچے کی تخلیق اور شہروں کو ماحولیاتی طور پر پائیدار، اقتصادی طور پر پیداواری اور سماجی طور پر مساوی بنانے کے لیے شہری نظم و نسق کے بہتر نظام کے ذریعے اس بہت زیادہ منتظر تبدیلی پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مل جل کر کام کرنے کے ذریعے سمارٹ سٹی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی ضرورت ہے۔آج ہمیں تیز رفتار عالمی تبدیلیوں کی وجہ سے بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ان سے بہتر خدمات، بہتر منصوبہ بندی، عمل درآمد اور گڈ گورننس کے ذریعے کامیابی سے نمٹا جا سکتا ہے ۔کرافٹ اینڈ فوک آرٹس کے زمرے کے تحت یونیسکو کے عالمی تخلیقی شہروں کے نیٹ ورک میں سری نگر شہر کا اندراج سب کے لیے قابل فخر لمحہ ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ دستکاری اور آرٹ سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ اسے مضبوط کریں اور روایتی ہینڈ لوم اور دستکاری کو بھی زندہ کریں۔عوامی مقامات پر گرافٹی اور آرٹ پر کیے گئے کام کے لیے ایس ایم سی کی تعریف کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے میونسپل کارپوریشن کو مشورہ دیا کہ وہ آزادی کی امرت مہوتسو منانے کے لیے مختلف علاقوں میں دیوار کی پینٹنگ جیسے پروگرام منعقد کرے۔12.76 کروڑ روپے کی لاگت والے ’اڈاپٹیو ٹریفک کنٹرول سسٹم (ATCS)‘ کے کنٹرول روم سمیت کئی دیگر پروجیکٹ؛ وہیکل ماونٹڈ مین ہول ڈیسلٹنگ مشین اور برف صاف کرنے والی مشینیں سری نگر کے شہریوں کے لیے وقف کی گئی ہیں۔اس موقع پر چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے کہا کہ ڈل جھیل کو رواں سال مکمل طور پر صاف کر دیا جائے گا، اس کے علاوہ ڈل جھیل میں ہاؤس بوٹوں کے گندے پانی کو ٹھکانے لگانے کا مسئلہ بھی رواں سال جون تک حل کر لیا جائے گا۔