سری نگر//سرینگر کے سمارٹ سٹی پروجیکٹ پر ہورہے کام کا یہاں لیفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری نتیشورکمار نے اعلیٰ حکام کی ایک میٹنگ میں جائزہ لیا۔سرینگر سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت جاری منصوبوں کی تازہ صورتحال سے متعلق پہلے لیفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکریٹری نے آگاہی طلب کی۔انہوں نے کہا کہ سرینگرسمارٹ سٹی پروجیکٹ کا مقصدسرینگر کوایک جدیداوراقتصادی طور ترقی یافتہ شہرمیں تبدیل کرنا ہے میٹنگ کے دوران پرنسپل سیکریٹری نے معینہ مدت کے دوران اس مایہ نازپروجیکٹ کو مکمل کرنے کے لئے مخصوص ہدایات بھی دیں ۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ترقیاتی اورعوامی خدمات کے ڈھانچوں کوبہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کوکہا۔انہوں نے حکام پرزوردیا کہ وہ مختلف پروجیکٹوں کی عمل آوری کے دوران ملک کے دیگر شہروں میں سمارٹ سٹی پروجیکٹوں کی تکمیل کے دوران حکام کو حاصل ہوئے تجربے سے استفادہ کریں ۔انہوں نے بین محکمہ جاتی تال میل کی تاکید کرتے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کی عمل آوری کوبہتر طور سمجھ لیں ۔انہوں نے سرینگر کوعالمی معیارکاسیاحتی مقام بنانے کیلئے جدید تیکنالوجی کو استعمال کرنے پرزوردیا۔ اس موقعہ پرصوبائی کمشنر پانڈورانگ پولے،اور دیگراعلیٰ حکام بھی موجودتھے۔