بلال فرقانی
سرینگر//مرکزی حکومت نے سرینگر اور جموں میں سمارٹ سٹی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 73 کروڑ 50لاکھ روپے واگزار کئے ہیں۔ اس فنڈ مختص کا مقصد دونوں شہروں میں موجودہ مالی سال 2024-25کے دوران بنیادی ڈھانچے کی بہتری کو تیز کرنا ہے۔ فنڈس میں سرینگر سمارٹ سٹی میں جاری پروجیکٹوں کیلئے مرکزی حصص کے طور پر34 کروڑ 87 لاکھ 50ہزار جبکہ انتظامی و دیگر اخرجات کے مد میں ایک کروڑ87 لاکھ50ہزار کی واگزاری کو منظوری دی گئی ہے۔ جموں سمارٹ سٹی مشن کیلئے رواں مالی سال کیلئے مجموعی طور پر36کرور75لاکھ روپے مرکزی حصص کے طور پر،جن میں34کروڑ 87لاکھ50ہزار جبکہ انتظامی و دیگر اخرجات کے مد میں ایک کروڑ87لاکھ50ہزار کی واگزاری کو ہری جھنڈی دکھائی گئی ۔ڈائریکٹر فائنانس کو ہدایت دی گئی کہ وہ ان رقومات کو پیشگی میں سمارٹ سٹی سرینگر اور سمارٹ سٹی جموں کے بنک کھاتے میں جمع کرائیں۔مرکز نے مزید ہدایت دی ہے کہ ترقیاتی رپورٹوں اور رقومات صرف کرنے کی اسناد 31مارچ 2025سے قبل مرکزی حکومت کو پیش کی جائیں اور اس کی نقل محکمہ خزانہ کو بھی روانہ کریں۔