یو این آئی
نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے جمعرات کوراشٹریہ سویم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس) کے قیام کے سو برس مکمل ہونے پر سنگھ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سماجی خدمت اور ملک کی تعمیر کے لیے بے شمار رضا کاروں نے اپنی جانیں قربان کردیں۔ مودی نے آر ایس ایس کے قیام کے 100 برس مکمل ہونے پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر لکھا، “آج سے 100 سال پہلے ، وِجے دشمی کے دن، سماجی خدمت اور ملک کی تعمیر کے مقصد سے آر ایس ایس کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اس طویل عرصے میں بے شمار رضا کاروں نے اس عزم کو پورا کرنے کے لیے اپنی زندگی وقف کردی۔ اسی موضوع پر میں نے اپنے خیالات کو الفاظ میں ڈھالنے کی کوشش کی ہے ۔دریں اثنا انہوں نے وِجے دشمی کے موقعے پر ناگپور میں منعقدہ تقریب میں ڈاکٹر موہن بھاگوت کی تقریر کی بھی ستائش کی۔ انہوں نے ڈاکٹر بھاگوت کی تقریر کا ذکر کرتے ہوئے قوم کی تعمیر میں آر ایس ایس کے اہم کردار اور ہندوستان کے تہذیبی اقدار کے فروغ کے لیے ان کی پختہ وابستگی کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے “ایکس” پر آر ایس ایس کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا، ڈاکٹر موہن بھاگوت نے قوم کی تعمیر میں آر ایس ایس کی شاندار خدمات اور سربلندی کے حصول میں ہماری سرزمین میں پوشیدہ امکانات پر زور دیتے ہوئے جوپوری انسانیت کے لیے مفید ہیں ترغیب آمیز بیان دیا ہے انہوں نے اپنی تقریر میں آر ایس ایس کی بے مثال خدمات کو اجاگر کیا ہے ۔ انہوں نے ہندستان کی اس طاقت کو بھی اجاگر کیا جو ملک کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پوری انسانیت کو فائدہ پہنچاتا ہے ۔