سرینگر // بلند پایہ ولی حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ کا سالانہ عرس مبارک آ ج یعنی سنیچر کو منایا جارہا ہے۔ سی این ایس کے مطابق کویڈ19 کی غیر یقینی صورتحا ل کے پیش نظر حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کا459 واں سالانہ عرس نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس دوران متعدد سیاسی ومذہبی تنظیموںنے حضرت شیخ حمزہ مخدومؒ کے عرس پر مبارکباد دی ہے۔ نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،نائب صدر عمر عبداللہ ، جنرل سیکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مصطفی کمال اور اراکین پارلیمان محمد اکبر لون و حسنین مسعودی نے حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ کے عرس مبارک پر جموں وکشمیر کے لوگوں خصوصاً وادی کے مسلمانوں کو مبارک باد پیش کی۔ انہوںنے کہاکہ حضرت محبوب العالمؒ کی تعلیم مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت سلطان العارفین ؒ کو عظیم الشان مرتبہ عطا کیا اور اُنؒ کی تعلیم جو قرآن اور حدیث پر مبنی ہے، پوری عالم انسانیت کی بقا کیلئے مشعل راہ ہے۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ حضرت شیخ حمزہؒ روحانی کمالات ، طریقت ، شریعت اور روحانیت کے امام تھے ۔ادھر انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگرنے اپنے اور نظر بند رکھے گئے سربراہ انجمن میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے خطہ کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل، مصلح اور روحانی پیشوا حضرت سلطان العارفین شیخ حمزہ مخدوم کشمیری ؒکے یوم وصال کے موقعہ پر حضرت ؒکی گراں قدر دینی ، تبلیغی اور اصلاحی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔بیان میں کہا گیا کہ حضرت مخدوم کشمیریؒ نے پوری زندگی اسلامیان کشمیر کی ظاہری و باطنی اصلاح اور تزکیہ نفس میں صرف کرکے ہمارے وطن میںایک روحانی انقلاب برپا کیا۔انجمن نے کہا کہ حضرت شیخ حمزہ کشمیریؒ نے اپنے دور میںاسلامی تعلیمات ، انسانیت ،شرافت ،اخلاق اور دوستی و ہمدردی کے پیغام کو عام کرنے اور ایک صالح معاشرہ کے قیام میں کلیدی اور بنیادی کردار ادا کیا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ایک طویل زمانہ گذر جانے کے باجود حضرت مخدوم علیہ رحمہ کی خدمات جلیلہ اور روشن کارناموں کو ہرگز فراموش نہیں کیا جا سکا ہے اور اسکی اہمیت وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ روز بہ روز پائیدار، مستحکم اور مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔انجمن نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ حضرت مخدوم علیہ رحمہ کی تعلیمات،سیرت، کردار و عمل اور ہدایات کو سامنے رکھ کر بزرگان دین کی انسان دوستی اور خدمت خلق کے پیغام کو عام کرنے کیلئے آج کے دن اپنے آپ کو وقف کرنے کا عزم کریں اور بزرگان دین، علماء، مشائخ اور اولیاکرام کی سرزمین پر ایک بہتر فلاحی اورامداد باہمی پر مشتمل سماج کے قیام میںاپنا تعاون دیں۔اس دوران میرواعظ کشمیر مولانا ریاض احمد ہمدانی نے بلند پایہ ولی کامل حضرت محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ کے سالانہ عرس پر اپنے پیغام میں کہا کہ محبوب العالم شیخ حمزہ مخدومؒ خلوص و ایثار ، سخاوت وسر چشمی ، شفقت و محبت ، عزم وہمت ، صبر واستقلال سادگی وانکساری کے اعلیٰ نمونہ تھے اور اﷲ کے خوف سے ہر وقت لرزاں وترساں رہتے تھے۔انہوںنے کہاکہ حضرت شیخ حمزہ ؒ نے دین اسلام کی تبلیغ واشاعت کے سلسلے میں عظیم دانشگاہ بھی قائم کئے ۔دریں اثناء حقانی میموریل ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمید اللہ حقانی نے کہا کہ حضرت شیخ حمزہ مخدوم ؒنے اشاعت دین میں اہم کردار ادا کیا اورمساجد کی تعمیر میں سعی بلیغ کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محبو ب العالمؒ نے توہمات اور بدعات کا قلع قمع کرنے اور اصلاحی تحریک کی خاطر سعی پہیم اور انتھک جدوجہد کی ۔