سلامتی کی حقیقت کوتبدیل کرنے کیلئے پرعزم : اسرائیل

یو این آئی

تل ابیب// اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں حماس کے خلاف جنگ کے اہداف میں اپنی شمالی سرحدوں کو بھی شامل کرنے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد منگل کو لبنان میں ہونے والے پیجر دھماکوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔ تاہم اسرائیلی فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر نے بدھ کو اعلان کیا کہ کمانڈر اور فورسز کسی بھی ایسے مشن کے لیے تیار ہیں جس کے بارے میں انہیں ہدایات دی جائیں گی۔ کمانڈر کے اس بیان سے اسرائیل کی لبنان کے ساتھ کشیدگی بڑھنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے کیونکہ حزب اللہ نے بھی پیجر دھماکوں کا جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔اسرائیلی کمانڈر یوری گورڈن نے ‘‘ ایکس’’ پر مزید کہا کہ اسرائیل سلامتی کی حقیقت کو جلد از جلد تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ یہ بیان ایک اجلاس کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا۔ اس اجلاس میں گورڈین اور ایئر فورس کے کمانڈر تومر بار شامل تھے ۔ اجلاس میں انہوں نے شمال کے حوالے سے آپریشنل منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔فوج نے دعویٰ کیا کہ شمالی کمان کے کمانڈر اور فضائیہ کے کمانڈر نے لبنان میں جنگی تیاریوں کو بڑھانے کے عمل پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ لبنان میں منگل کو حزب اللہ کے مواصلاتی آلات (پیجرز) میں دھماکے کیے گئے ۔ اس غیرمعمولی آپریشن میں 12 افراد جاں بحق اور 2800 زخمی ہوگئے ۔یاد رہے لبنان اسرائیل سرحد پر حزب اللہ کے ساتھ جنگ کے پھیلاؤ کے خدشے کے درمیان خاص طور پر منگل کو لبنان کے متعدد علاقوں میں ہونے والے “پیجر” حملوں جنہوں نے پارٹی کے ارکان اسرائیل کے زیر استعمال ہزاروں پیجر ڈیوائسز کو متاثر کیا کے بعد اسرائیل نے اپنی جنگی ٹیموں میں سے ایک کو غزہ کی پٹی سے شمال کی طرف منتقل کیا ہے۔