نئی دہلی // سعودی حکومت نے بھارتی شہریوں کے لیے حج قوانین میں نرمی کرکے خواتین کو بغیر محرم کے حج کرنے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حج کے لیے سخت قوانین نافذ ہیں جس کے تحت خاتون اپنے محرم کے بغیر حج کیلیے نہیں جاسکتی لیکن سعودی حکومت نے بھارتی حکومت کی درخواست پر حج قوانین میں نرمی کردی ہے۔ خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کی تجویز قبول کرتے ہوئے سعودی عرب نے 45 برس یا اس سے زائد عمر کی خواتین کو بغیر محرم کے اانے کی اجازت دے دی ہے۔ خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے بغیر محرم کے آنے والی خواتین کے لیے ایک شرط رکھی ہے جس کے تحت خواتین کو 4 حاجیوں کے گروپ میں سعودی عرب جانا ہوگا۔ میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کی وزارت برائے اقلیتی امور کی جانب سے سنہ 2014 میں سعودی عرب سے 45 برس یا اس سے زائد عمر کی خواتین پر محرم کے ساتھ آنے کی پابندی اٹھانے کی درخواست دی گئی تھی۔ خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جن خواتین کو استثنیٰ دیا گیا ہے وہ چار حاجیوں کے گروپ میں بغیر محرم کے حج کے لیے سعودی عرب جاسکتی ہیں لیکن انہیں اپنے اپنے مکتب فکر سے بھی اجازت لینی ہوگی۔