ریاض//سعودی عرب میں 31 مئی سے تمام مساجد جمعہ اور پنجگانہ باجماعت نمازوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے اعلیٰ افسر کے مطابق مملکت میں صحت کے شعبے سے متعلق حکام کی سفارشات کی بنیاد پر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق 31 مئی سے 20 جون تک جن امور پر عمل ہوگا ان میں مکہ کے علاوہ مملکت کے تمام علاقوں میں کرفیو میں نرمی کے اوقات صبح 6 بجے سے رات 8 بجے تک ہوں گے، مکہ مکرمہ کی مساجد کیعلاوہ ملک کی تمام مساجد میں احتیاطی و حفاظتی تدابیر کے ساتھ نماز جمعہ اور پانچوں وقت با جماعت نماز کی ادائیگی شروع ہو جائے گی جب کہ مسجد حرام میں طبی اور احتیاطی اقدامات کے مطابق نماز جمعہ اور با جماعت نماز کا سلسلہ جاری رہے گا۔وزارتی دفاتر، حکومتی اتھارٹیز اور نجی سیکٹر کی کمپنیوں میں حاضری پر پابندی اٹھالی جائے گی، سماجی بہبود کی وزارت کی جانب سے وضع کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق دفتری سرگرمیوں کی اجازت ہوگی، آمد ورفت کے مختلف وسائل کے ذریعے صوبوں کے درمیان سفر پر پابندی اور اندرون ملک فضائی پروازوں پر عائد پابندی اٹھالی جائے گی، ریستورانوں اور قہوہ خانوں کو کھولنے کی اجازت ہوگی، جب کہ اْن تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد رہے گی، تاہم مقرر کردہ احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر پر عمل لازم ہو گا۔متعلقہ حکام کی جانب سے وضع کردہ احتیاطی اقدامات کے ساتھ جن میں سماجی فاصلے کو یقینی نہیں بنایا جاسکتا، ان میں بیوٹی سیلونز، ہیئر ڈریسرز، صحت اور کھیلوں سے متعلق کلب، تفریحی مراکز، سنیما ہاؤسز اور متعلقہ حکام کی جانب سے متعین کردہ سرگرمیاں شامل ہیں، سماجی تقریبات مثلا شادی بیاہ اور تعزیتی مجالس وغیرہ میں50 سے زیادہ افراد کی شرکت پر پابندی ہوگی جب کہ عوامی مقامات پر 24 گھنٹے سماجی فاصلے کے اقدامات نافذ العمل رہیں گے۔ بین الاقوامی فضائی پروازوں کا تعطل اطلاع ثانی تک جاری رہے گا اور عمرے اور زیارت پر پابندی جاری رہے گی۔