سرینگر//مکانات و شہری ترقی کی وزیر مملکت آسیہ نقاش نے افسروں سے کہا کہ وہ بہانہ بازی سے بالاتر ہو کر اپنے اپنے اہداف حاصل کریں تاکہ لوگوں کو بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیر موصوفہ نے اِن خیالات کا اِظہار کل سرینگر میں بجلی محکمہ کے افسروں کی ایک جائزہ میٹنگ کے دوران کیا۔ میٹنگ میں سرینگر خاص طور سے حضرت بل حلقے میں عملائے جارہے پروجیکٹوں کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کے دوران آسیہ نقاش نے بٹہ پورہ اور تیل بل میں قائم کئے جارہے ریسووِنگ سٹیشنوں پر سست رفتاری سے ہو رہے کام پر برہمی کا اِظہار کیا۔ یہ ریسووِنگ سٹیشن الیکٹرکل منیفکچرنگ کمپنی لمٹیڈ کی طرف سے عملائے جارہے ہیں۔اُنہوں نے پی ڈی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ ای ایم سی لمٹیڈ کے ساتھ بیٹھ کر ان پروجیکٹوں کے لئے حد مقرر کریں۔آسیہ نقاش نے برزہامہ اور حبک فیڈروں کو مستحکم کرنے کے منصوبوں کے بارے میں بھی تفاصیل طلب کیں۔اُنہوں نے کہا کہ ان فیڈروں کو مستحکم بنانے کا کام نومبر مہینے تک مکمل کیاجانا چاہیئے۔حضرت بل اور زکورہ میں فیڈروں کو مستحکم کرنے کے حوالے سے موصوفہ کو جانکاری دی گئی کہ یہ پروجیکٹ اس وقت عملائے جارہے ہیں۔میٹنگ میں الٰہی باغ اور زکورہ میں موجود سب سٹیشنوں کو بڑھاوا دینے سے جڑے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آسیہ نقاش نے سرینگر کے مختلف مقامات پر بجلی کھمبے نصب کرنے کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔اُنہوںنے محکمہ سے کہا کہ وہ بجلی کھمبوں اور ٹرانسفارمروں کی ضروریات سے متعلق تخمینے تیا ر کرکے 15جون تک ان کے دفتر کو بھیجدیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ سرینگر میں عملائے جارہے تمام کاموں کا عید کے بعد بذاتی خود جائزہ لیں گی۔چیف انجینئر پی ڈی ڈی کشمیر شہناز گونی کے علاوہ بجلی محکمہ کے کئی دیگر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔