یواین آئی
کولمبو/کپتان چارتھ اسالنکا 127 کی سنچری اننگز کے بعد مہیش تیکشنا (40رن پر چار وکٹ) کی مہلک گیند بازی کی بدولت سری لنکا نے بدھ کو یہاں آسٹریلیا کے خلاف 49 رن کی آسان جیت درج کی۔ آر پریماداسا اسٹیڈیم میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 44 اوورز میں 214 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم 33.5 اوورز میں 165 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ بولرز کی مدد سے اسلانکا نے پچ پر مضبوط عزم اور صبر کا مظاہرہ کیا اور دلیرانہ سنچری اسکور کی جس کے باعث میزبان ٹیم 200 رنز کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہی۔ ایک وقت میں سری لنکا کی آدھی ٹیم 55 رنز کے اسکور پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ بحران کے ایسے وقت میں اسالنکا نے آگے آکر ٹیم کے اسکور بورڈ کو چلانے کی ذمہ داری اپنے اوپر لے لی۔ انہوں نے ڈینتھ ویلج 30 کے ساتھ 67 رنز کی اہم شراکت داری کی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالنے میں کامیاب رہے ۔ ویلج کے بعد ٹیل کے بلے بازوں نے کریز پر وقت گزار کر اسلانکا کا ساتھ دیا جس کی وجہ سے اسلانکا رنز جوڑنے میں کامیاب رہا۔ آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز بھی اس وقت مایوس کن ہوا جب اس کے اوپنرز کو لگاتار دو اوورز میں اسیتھا فرنینڈو نے آؤٹ کیا۔ کینگرو ٹیم ابھی ان جھٹکوں سے سنبھل بھی نہیں پائی تھی کہ مہیش ٹیکشنا نے کوپر کونلے 3 اور ویلج نے کپتان اسٹیو اسمتھ 12 کو آؤٹ کرکے مہمان ٹیم کے ٹاپ آرڈر کی کمر توڑ دی۔آسٹریلیا کی جانب سے ایلکس کیری اور ایرون ہارڈی نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن دیگر بلے بازوں کی جانب سے تعاون نہ ملنے کی وجہ سے ان کی کوششیں بے سود ثابت ہوئیں اور مہمان ٹیم کو ایشیائی براعظم میں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔