کولمبو//سری لنکا میں مشتعل مظاہرین نے گال ٹیسٹ میں دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں ٹیسٹ میچ کو کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا اور صورت حال سے کینگروز کھلاڑی بھی پریشان ہوگئے۔سری لنکا میں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی حکومت مخالف مظاہروں کی لپیٹ میں آگئیں اور ہزاروں مظاہرین سری لنکا آسٹریلیا گال ٹیسٹ کے دوران گال فورٹ میں گھس گئے۔مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی اور ٹیسٹ سیریز کےلیے سری لنکا میں موجود قومی اسکواڈ کا دوسرا ٹریننگ سیشن بھی منسوخ کرنا پڑا۔ دو ٹیسٹ میچز کی سیریزسولہ جولائی سے کھیلی جانی ہے اور سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔ہفتہ کو سری لنکا کے تجارتی دارالحکومت کولمبو میں ہزاروں مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹیں توڑ کر صدر کی سرکاری رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا۔
صدر کے گھر کے اندر سے ایک فیس بک لائیو اسٹریم میں سیکڑوں مظاہرین کو دیکھا گیا، جن میں سے کچھ جھنڈوں میں لپٹے ہوئے، کمروں اور راہداریوں میں جمع ہو کر گوٹابایا راجا پاکسا کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ نوآبادیاتی دور کی سفید عمارت کے باہر بھی سیکڑوں لوگ زمین پر جمع ہوئے جہاں کوئی سیکیورٹی اہلکار نظر نہیں آیا۔ 2 کروڑ 20 لاکھ نفوس پر مشتمل یہ جزیرہ غیر ملکی زرمبادلہ کی شدید قلت سے نبرد آزما ہے جس کے باعث ایندھن، خوراک اور ادویات کی ضروری درآمدات محدود ہیں، اور 1948 میں آزادی کے بعد سے بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔ بہت سے لوگ ملک کے زوال کا ذمہ دار صدر گوٹابایا راجا پاکسا کو ٹھہراتے ہیں اور مارچ سے جاری احتجاج میں ان کے استعفے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ حالیہ ہفتوں کے دوران عوام میں عدم اطمینان مزید بڑھ گیا ہے کیونکہ نقدی کی کمی کے شکار ملک کو ایندھن کی وصولی رک گئی ہے، جس کے باعث اسکول بند کرنے اور ضروری خدمات کے لیے پیٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
کولمبو میں پاکستانی ٹیم کا پریکٹس سیشن منسوخ
کولمبو //سری لنکا میں کشیدہ سیاسی صورتحال کے سبب کرفیو کے نفاذ کے بعد آج پاکستان کرکٹ کولمبو میں پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا ہے۔ پاکستان کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے سری لنکا میں موجود ہے جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال کشیدہ ہوتی جا رہی ہے اور حکومت نےصورتحال پر قابو پانے کے لیے کرفیو بھی نافذ کردیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن کولمبو کے پی سارا اوول اسٹیڈیم میں ہونا تھا لیکن ناخوشگوار صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریننگ سیشن کو منسوخ کردیا گیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کولمبو میں کشیدہ صورتحال کے سبب کولمبو کے سینامون گرینڈ ہوٹل کے اندر ہی نماز عید ادا کرے گی۔ سری لنکا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستانی ٹیم کی سری لنکا کے خلاف سیریز بھی کھٹائی میں پڑتی نظر آ رہی ہے، گوکہ ابھی آسٹریلیا کی ٹیم سری لنکا میں سیریز کھیل رہی ہے لیکن حال ہی میں سری لنکا میں صدر کی رہائش گاہ پر دھاوا بولنے اور پولیس سے کشیدگی کے بعد حالات مزید بگڑنے کا اندیشہ ہے۔