کولمبو/یو این آئی/ سری لنکا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر (ڈی ایم سی) نے اتوار کو ملک میں شدید بارشوں کی وجہ سے دارالحکومت کولمبو کے مضافات اور دیگر علاقوں میں بڑے سیلاب کی وارننگ جاری کی ہے۔محکمہ آبپاشی نے کہا کہ کولمبو کے مضافات میں دریائے کیلانی اور سری لنکا کے جنوب میں دریائے گن میں اتوار کی صبح سے ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے پانی کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈی ایم سی نے کہا کہ اس نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے خاندانوں کو اونچے علاقوں میں جانے کا مشورہ دیا ہے۔محکمہ موسمیات نے آج موسم کے انتباہ میں کہا کہ ملک کے مغربی اور جنوبی صوبوں میں 150 ملی میٹر سے زیادہ بارش متوقع ہے۔ لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ ڈی ایم سی نے کہا کہ تینوں فورسز سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں میں راحت اور بچاؤ کارروائیوں کی ضرورت پڑنے پر چوکس رہیں۔ وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ مزید بارش کے امکان کے باعث پیر کو ملک بھر کے تمام سرکاری اسکول بند رہیں گے۔