کولمبو// سری لنکا میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والی پرتشدد جھڑپوں کے بعد چھ مارچ سے نافذ ایمرجنسی کو ہٹانے کا اعلان کیاگیا ہے ۔بی بی سے نیوز نے آج یہ اطلاع دی۔ صدر میتری پال سریسینا نے ٹوئٹ کرکے ایمرجنسی ہٹانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ لوگوں کے تحفظ کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے کل آدھی رات سے ایمرجنسی ہٹانے کی ہدایت دی ہے ۔قابل غور ہے کہ کینڈی ضلع میں پر تشددجھڑپ میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ مسلمانوں کے تقریباً 450 گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ اس دوران 60 گاڑیاں نظر آتش کردی گئی تھیں۔کشیدگی کو کم کرنے کے لئے سوشل میڈیا پر پابندی اور کرفیو لگایا گیا تھا۔بودھ اکثریتی والے ملک میں اقلیتی مسلمانوں کے خلاف تشدد کا آغاز 2012 سے ہوا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ اسے کٹر بودھ گروپوں نے ہوا دی تھی۔ بودھ پیروکاروں کا الزام ہے کہ مسلمان زبردستی لوگوں کا مذہب تبدیل کرا رہے ہیں اور بودھ آثار قدیمہ کو تباہ کر رہے ہیں۔ پرتشدد واقعات کے دوران درجنوں مسلم مذہبی مقامات کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے ۔