عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ملی ٹینسی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے اپنی مسلسل کارروائیوں کے تحت، سرینگر پولیس نے بدھ کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد مقامات پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔پولیس ترجمان نے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ تلاشی کارروائیاں غیر قانونی سرگرمیوں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کے تحت جاری تحقیقات کے سلسلے میں ملی ٹینٹتنظیموں سے وابستہ معاونین اور اوور گراؤنڈ ورکرز (OGWs) کے گھروں پر کی گئیں۔یہ مربوط سرچ آپریشن سرینگر کے مختلف علاقوں میں ان افراد کو نشانہ بنا کر کیا گیا جو ملی ٹینسی سرگرمیوں میں سہولت کاری، مدد یا اعانت فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔
تلاشی کارروائیاں اسرار احمد بَلہ ولد رفی بَلہ ساکن عمر کالونی لال بازار، شہباز احمد بٹ ولد فاروق احمد بٹ ساکن پالپورہ نورباغ، فیاض احمد گنائی ولد غلام محمد گنائی ساکن سُتھسو کلان، برہان نذیر ولد نذیر احمد کُشّو ساکن بیرونی کاٹھی دروازہ، ساجد مجید شاہ ولد عبدالمجید شاہ ساکن ناؤپورہ سکیدافر، عاشق بشیر ناجر ولد بشیر احمد ناجر ساکن سُویٹنگ، عمر عادل ڈار ولد غلام حسن ڈار ساکن سُویٹنگ، شبیر احمد گنائی ولد غلام محی الدین گنائی ساکن نیو تھیڈ، اعجاز احمد بٹ ولد عزیز احمد بٹ ساکن نیو تھیڈ، محمد الطاف گنائی ولد فیاض احمد ساکن نیو تھیڈ، فیاض احمد گنائی ولد محمد سلطان ساکن نیو تھیڈ، منظور احمد بٹ ولد عبدالاحد بٹ ساکن نیو تھیڈ اور احسن احمد بٹ عرف منہّا ولد مرحوم محمد یوسف ساکن مغل محلہ رانی واری حال اندرا نگر سرینگرکے گھروں میں انجام دی گئیں۔بیان کے مطابق، یہ تلاشی کارروائیاں تمام قانونی تقاضوں کے مطابق، ایگزیکٹو مجسٹریٹوں اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں اور جے اینڈ کے پولیس کے سینئر افسران کی نگرانی میں انجام دی گئیں۔
ترجمان نے کہاان کارروائیوں کا مقصد دستاویزات، ڈیجیٹل ڈیوائسز اور دیگر ایسے شواہد برآمد کرنا تھا جو جاری تحقیقات کے لیے اہم ہیں۔ یہ چھاپے ایک بڑے انٹیلی جنس نیٹ ورک کے حصے کے طور پر بھی کیے گئے تاکہ کسی بھی ممکنہ سازش یا ملی ٹینسی سرگرمی کو روکا جا سکے جو عوامی امن اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ فیصلہ کن کارروائی سرینگر پولیس کے اُس عزم کی عکاس ہے جس کے تحت وہ ملی ٹینسی اور ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا رہی ہے۔ترجمان نے آخر میں کہا کہ سرینگر پولیس شہر میں امن، استحکام اور عوامی نظم کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔انھوں نے کہا جو کوئی بھی غیر قانونی یا پرتشدد سرگرمیوں میں اعانت یا معاونت کرتے پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔